سرمایہ کاری کے نام پر 72 لاکھ روپے کی دھوکہ دہی، کھاتہ دار گرفتار

تاثیر 24 دسمبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

فریدآباد، 24 دسمبر :۔ سائبر پولس اسٹیشن سینٹرل نے راجستھان کے جیسلمیر سے ایک اکاؤنٹ ہولڈر کو اسٹاک مارکیٹ میں سرمایہ کاری سے متعلق 72 لاکھ روپے کی دھوکہ دہی کے سلسلے میں گرفتار کیا ہے۔ پولیس ترجمان کے مطابق فرید آباد کے سیکٹر 81 کے رہائشی نے سائبر پولیس اسٹیشن سنٹرل میں شکایت درج کراتے ہوئے الزام لگایا کہ 26 ستمبر کو اسے اسٹاک مارکیٹ میں سرمایہ کاری کے حوالے سے ایک واٹس ایپ پیغام موصول ہوا۔ اس کے بعد اسے سرمایہ کاری کی معلومات فراہم کرنے والے واٹس ایپ گروپ میں شامل کیا گیا۔ اس کے بعد اسے ایک ایپ کا لنک بھیجا گیا، جسے اس نے ڈاؤن لوڈ کیا، اور پھر اسے اکاؤنٹ کھولنے اور سرمایہ کاری کرنے پر مجبور کیا گیا۔ اس نے کل 72,74,882 روپئے فراڈ کرنے والوں کے ذریعہ فراہم کردہ مختلف بینک کھاتوں میں منتقل کئے۔ جب اس نے واپسی کی درخواست کی تو اس سے مزید رقم مانگی گئی۔ یہ محسوس کرنے پر کہ اسے دھوکہ دیا گیا ہے، متاثرہ نے سائبر پولس اسٹیشن سنٹرل میں شکایت درج کروائی، اور آئی پی سی کی متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا۔اس معاملے میں کارروائی کرتے ہوئے سائبر پولس اسٹیشن سنٹرل ٹیم نے راجستھان کے ضلع جیسلمیر کے گاؤں کھنوسار کے رہنے والے رگھویر سنگھ کو گرفتار کیا۔ پوچھ گچھ کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ ملزم اس معاملے میں اکاؤنٹ ہولڈر تھا جس کے بینک اکاؤنٹ سے دھوکہ دہی کے 50 ہزار روپے نکلے۔ ملزم کے پاس بی اے کی ڈگری ہے اور وہ کسان کا کام کرتا ہے۔ اسے بدھ کے روز عدالت میں پیش کیا گیا اور مزید پوچھ گچھ کے لیے پانچ روزہ پولیس ریمانڈ پر لیا گیا۔