تاثیر 28 دسمبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
سیتامڑھی (مظفر عالم)
ضلع کے ایک لاکھ سے زائد شہری ہاؤس ہولڈرز کے لیے ایک بڑی اور راحت بخش خبر سامنے آئی ہے۔ شہری نکایہ انتظامیہ نے ہولڈنگ ٹیکس کی بقایہ رقم ایک مشت جمع کرنے پر سود میں مکمل چھوٹ دینے کا اعلان کیا ہے۔ اس فیصلے سے ان ہزاروں شہریوں کو بڑی راحت ملی ہے جو مختلف وجوہات کی بنا پر برسوں سے ٹیکس ادا نہیں کر پائے تھے اور بقایا رقم پر سود بڑھتا چلا گیا تھا۔ انتظامیہ کی جانب سے بقایہ داروں کو نوٹس جاری کیے جا رہے ہیں، جن میں بلاسود ٹیکس ادائیگی کی اسکیم کی مکمل جانکاری دی جا رہی ہے۔ ہاؤس ہولڈرز 31 مارچ 2026 تک اگر اپنی بقایہ اصل ٹیکس رقم ایک مشت ادا کر دیتے ہیں تو انہیں سود سے مکمل چھوٹ دی جائے گی۔ مقررہ مدت کے بعد بقایا رقم پر دوبارہ سود کا حساب شروع ہو جائے گا۔ انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ معذور، کمزور اور بے سہارا خاندانوں کو ٹیکس ادائیگی میں ہر ممکن مدد فراہم کی جائے گی۔ نکایہ کے اہلکار خود آگے بڑھ کر ایسے خاندانوں کی رہنمائی اور تعاون کریں گے۔ بتایا گیا ہے کہ ضلع کے شہری نکایہ علاقوں میں ہولڈنگ ٹیکس کی مد میں کروڑوں روپے بقایا ہیں، جن میں نجی مکانات، تجارتی عمارتیں اور سرکاری عمارتیں بھی شامل ہیں۔ ان بقایہ جات کی وصولی شہری ترقیاتی منصوبوں کے لیے نہایت ضروری ہے۔

