تاثیر 11 دسمبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
واشنگٹن ،11دسمبر(ہ س)۔اقوامِ متحدہ میں امریکہ کے سفیر مائیک والٹز نے کہا ہے کہ غزہ کی پٹی کے لیے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے پیش کیے گئے امن منصوبے کے دوسرے مرحلے کا جلد اعلان کیا جائے گا۔ انہوں نے زور دیا کہ جب تک حماس تنظیم موجود ہے، غزہ کی پٹی میں امن ممکن نہیں۔
بدھ کے روز اسرائیلی صدر آئزک ہرزوگ سے ملاقات کے دوران والٹز نے بتایا کہ جنگ بندی کے معاہدے کے اگلے مرحلے کی تفصیلات کو حتمی شکل دی جا رہی ہے اور اس میں واضح طور پر یہ بات شامل ہو گی کہ حماس تنظیم غزہ کی پٹی کے مستقبل کا حصہ نہیں ہو سکتی۔
ملاقات کے بعد والٹز نے کہا جو بات بالکل واضح تھی … اور میں بھی اسے واضح کرنا چاہتا ہوں … وہ یہ ہے کہ حماس کا خاتمہ ضروری ہے۔ صدر ٹرمپ نے صاف کہہ دیا ہے کہ یہ عمل آسان طریقے سے ہو یا مشکل سے، لیکن حماس کا وجود ختم ہو کر رہے گا۔گذشتہ ماہ سلامتی کونسل کی جانب سے ٹرمپ منصوبے کی منظوری کے بعد والٹز نے وضاحت کی کہ امریکہ اور اس کے اتحادی سب سے پہلے اس مجوزہ “امن کونسل” کی تفصیلات کا اعلان کریں گے، جو عبوری دور میں غزہ کی پٹی کا انتظام سنبھالے گی اور جس کی سربراہی خود صدر ٹرمپ کریں گے۔

