منیّاڈیہ گاؤں میں صحت ذیلی مرکز کا افتتاح، دیہی عوام کو مفت علاج اور ادویات کی سہولت

تاثیر 27 دسمبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

سیتامڑھی (مظفر عالم)
ضلع کے نانپور بلاک کے پنڈول بزرگ پنچایت کے منیّاڈیہ گاؤں میں جمعہ کے روز صحت خدمات کو مضبوط بنانے کی سمت ایک اہم قدم اٹھایا گیا۔ نانپور کمیونٹی ہیلتھ سینٹر کے انچارج میڈیکل آفیسر ڈاکٹر انیل کمار کی ہدایت پر صحت ذیلی مرکز کا باقاعدہ افتتاح کیا گیا۔ اس موقع پر ڈاکٹر رامیشور پرساد اور مقامی مکھیا ضیا اللہ پرویز نے مشترکہ طور پر فیتہ کاٹ کر مرکز کا افتتاح کیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر رامیشور پرساد نے کہا کہ اس صحت ذیلی مرکز کے آغاز سے اب گاؤں کے مریضوں کو چھوٹی موٹی بیماریوں کے علاج کے لیے نانپور اسپتال جانے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔ یہاں سردی، زکام، بخار سمیت دیگر معمولی بیماریوں کا علاج کیا جائے گا اور صحت محکمہ کی جانب سے مفت دوائیں بھی فراہم کی جائیں گی۔ انہوں نے بتایا کہ مرکز پر ہفتے میں تین دن ایک سی ایچ او تعینات رہیں گے، جبکہ دو اے این ایم روزانہ صبح 9 بجے سے شام 5 بجے تک اپنی خدمات انجام دیں گی۔
مکھیا ضیا اللہ پرویز نے کہا کہ منیّاڈیہ گاؤں کے عوام کی سہولت کے لیے ان کی کوششوں سے اس صحت ذیلی مرکز کا قیام عمل میں آیا ہے، جس سے یقینی طور پر مقامی لوگوں کو فائدہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پہلے معمولی بیماریوں کے لیے بھی لوگوں کو نجی ڈاکٹروں کے پاس جانا پڑتا تھا، جس سے غریب خاندانوں پر مالی بوجھ پڑتا تھا، لیکن اب سرکاری سطح پر علاج اور ادویات مفت دستیاب ہوں گی۔
افتتاح کے موقع پر میڈیکل آفیسر نے کئی مریضوں کا معائنہ کیا اور انہیں دوائیں فراہم کیں۔ اس موقع پر سی ایچ او راکیش کمار، اے این ایم پوجا کماری، وبھا کماری، اُشا دیوی سمیت بڑی تعداد میں دیہاتی موجود تھے۔