تاثیر 1 دسمبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
تل ابیب،یکم دسمبر:اسرائیلی وزیرِ اعظم کے دفتر کے ترجمان ہانی مرزوق کا کہنا ہے کہ حزب اللہ تنظیم اسرائیل کو جنگ کی طرف دھکیل رہی ہے۔انہوں نے اتوار کے روز العربیہ کو بتایا کہ “حزب اللہ دوبارہ سرنگیں بنا رہی ہے اور اپنی عسکری قوت کو بحال کر رہی ہے … وہ اس وقت لبنانی ریاست کو مفلوج کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔یہ بیان ایسے وقت سامنے آیا ہے جب اسرائیل نے امریکہ کے ذریعے لبنان کو ایک انتباہی پیغام بھیجا ہے، جس میں کہا گیا کہ اگر حزب اللہ کو غیر مسلح نہیں کیا گیا تو وہ لبنان کی سرزمین پر اپنے حملوں کو وسیع کرے گا۔ اسرائیلی ذرائع کے مطابق تل ابیب نے بیروت کو آگاہ کیا ہے کہ ’اگر لبنان نے حزب اللہ کے خلاف مؤثر کارروائی نہیں کی تو اسرائیل اپنے حملوں میں اضافہ کرے گا‘۔ یہ بات اتوار کی صبح اسرائیلی نشریاتی ادارے نے بتائی۔مزید یہ کہ اسرائیل نے ان مقامات کو بھی نشانہ بنانے کی دھمکی دی ہے جنھیں ابھی تک امریکی دباؤ کے باعث حملوں سے محفوظ رکھا گیا تھا۔ذرائع نے یہ امکان بھی ظاہر کیا کہ اسرائیل کا یہ عسکری قدم ویٹی کن کے پوپ کی لبنان ممکنہ آمد کے بعد اٹھایا جا سکتا ہے۔یہ صورت حال اس وقت پیدا ہوئی جب حزب اللہ کے سکریٹری جنرل نعیم قاسم نے ہفتے کے روز اپنی رپورٹ میں اسرائیل اور حزب اللہ کے درمیان ممکنہ نئی جنگ کے خدشات کا ذکر کیا۔ انہوں نے جنگ بندی کے معاہدے پر عمل درآمد کے اپنے عزم کو دہرایا اور بار بار ہونے والی اسرائیلی کارروائیوں کے باوجود صورتِ حال کو قابو میں رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔انہوں نے کہاکیا آپ سمجھتے ہیں کہ آئندہ جنگ ہو سکتی ہے؟ ممکن ہے کسی بھی وقت۔ یہ امکان موجود ہے۔ اور جنگ نہ ہونے کا امکان بھی موجود ہے، کیونکہ اسرائیل بھی اپنے آپشنز دیکھ رہا ہے اور امریکہ بھی۔

