تاثیر 19 دسمبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
حیدرآباد/ نئی دہلی، 19 دسمبر:صدرجمہوریہ دروپدی مرمو نے کہا کہ پبلک سروس کمیشن کو صرف مواقع کے مساوات کے آئینی آئیڈیل تک محدود نہیں رہنا چاہئے بلکہ نتائج کی برابری کے ہدف کو حاصل کرنے کی کوشش بھی کرنی چاہئے۔ پبلک سروس کمیشن مساوات اور انصاف کو فروغ دینے والے تبدیلی کے نمائندے ہیں اور ان کا کردار ملک کی حکمرانی میں بہت اہم ہے۔ صدر دروپدی مرمو نے جمعہ کو حیدرآباد میں پبلک سرویس کمیشن کے چیئرپرسنز کی قومی کانفرنس کا افتتاح کرتے ہوئے اس کا اظہار کیا۔ اس کانفرنس کا اہتمام تلنگانہ پبلک سروس کمیشن نے کیا تھا۔
اس موقع پر صدر جمہوریہ نے کہا کہ آئین کے بانیوں نے آئین کے ایک پورے حصے کو خدمات اور پبلک سروس کمیشنز کے لیے وقف کر دیا، جو ان اداروں کی اہمیت کو واضح کرتا ہے۔ سماجی، معاشی اور سیاسی انصاف سے متعلق آئینی دفعات کے ساتھ ساتھ عوامی ملازمت میں مواقع کی مساوات، پبلک سروس کمیشن کے کام کاج کی رہنمائی کرتی ہیں۔

