ہمایوں کبیر نے نئی پارٹی کا اعلان کر دیا، جنتا اُنین پارٹی کے نام سے الیکشن لڑنے کا اعلان

تاثیر 22 دسمبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

مرشدآباد، 22 دسمبر: ترنمول کانگریس کے معطل ایم ایل اے ہمایوں کبیر، جو مغربی بنگال کے مرشد آباد کے بیلڈنگا میں بابری مسجد کا سنگ بنیاد رکھنے کے ضمن میں خبروں میں رہے، پیر کو اپنی نئی سیاسی پارٹی کا باضابطہ اعلان کیا۔ ان کی نئی پارٹی کا نام ”جنتا انین پارٹی” رکھا گیا ہے۔ پارٹی کے اعلان کے ساتھ ہی ہمایوں کبیر نے 2026 کے مغربی بنگال اسمبلی انتخابات کے لیے کئی امیدواروں کے ناموں کا بھی اعلان کیا۔سب سے دلچسپ بات یہ ہے کہ امیدواروں کی فہرست میں ایک سے زیادہ ”ہمایوں کبیر” شامل ہیں۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ حکمران اور اپوزیشن دونوں پارٹیاں آئندہ اسمبلی انتخابات میں کئی سیٹوں پر ”ہمایوں کبیر” نامی امیدواروں کا سامنا کریں گی۔ پارٹی کے چیئرمین ہمایوں کبیر نے اسے ایک بڑا سیاسی ’سرپرائز‘ قرار دیا۔
ایم ایل اے ہمایوں کبیر نے کہا کہ وہ خود راج نگر اور بیلڈنگا اسمبلی سیٹوں سے الیکشن لڑیں گے اور دونوں میں جیتنے کے لیے پراعتماد ہیں۔ انہوں نے یہ بھی انکشاف کیا کہ ایک اور ہمایوں کبیر جو پیشہ سے ڈاکٹر ہیں کو رانی نگر اسمبلی سیٹ کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔ یہ وہی ہمایوں کبیر ہیں جنہوں نے ترنمول کانگریس کے ٹکٹ پر 2016 کا الیکشن لڑا تھا، لیکن وہ جیتنے میں ناکام رہے۔