آئی ایم اے کی شاندار روایت: ہندوستانی فوج میں شامل ہوئے 491 نوجوان افسر

تاثیر 13 دسمبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

دہرادون، 13 دسمبر: انڈین ملٹری اکیڈمی (آئی ایم اے) میں 157 ویں پاسنگ آؤٹ (پی او پی) پریڈ کے بعد ہفتہ کو 491 جنٹلمین کیڈٹس بطور افسر ہندوستانی فوج کا حصہ بن گئے۔ دوست ممالک کے 34 کیڈٹس بھی پاس آؤٹ ہو کر اپنی -اپنی افواج کا حصہ بنے۔ ہندوستان کے آرمی چیف جنرل اوپیندر دویدی نے بطور ریویونگ افسرپریڈ کی سلامی لی۔ اس دوران حب الوطنی کے گیتوں پر ان بہادر جوانوں کا مارچ دیکھتے ہی بنتا تھا۔
آج اکیڈمی اس تاریخی لمحے کی گواہ بنی،جب 491 ہندوستانی اور 14 دوست ممالک کے 34 کیڈٹس سمیت کل ​​525 کیڈٹس نے جوش کے ساتھ مارچ کرتے ہوئے ایک نئی ذمہ داری کی طرف قدم بڑھائے۔ پریڈ کا آغاز صبح 9:05 بجے آئی ایم اے کی تاریخی چیٹ ووڈ عمارت کے سامنے ڈرل اسکوائر پر ہوا۔قدم سے قدم ملا کر مستقبل کے افسر پریڈ کمانڈر انکت چودھری کی قیادت میں پریڈ میدان تک پہنچی۔ ریویونگ افسر اوپیندر دویدی نے سلامی لے کر پریڈ کا معائنہ کیا۔ یہاں، انہوں نے وجے دھن پر مارچ کیا۔ مہمان خصوصی نے کیڈٹس کو اوورآل بیسٹ پرفارمنس اور دیگر نمایاں اعزازات سے نوازا۔ ملک کے مستقبل کے فوجی افسران نے جب ملٹری اکیڈمی میں آخری قدم بڑھایا تو ان پر ہیلی کاپٹر سے پھولوں کی پتیاں بھی نچھاور کی گئیں۔