ایس آئی آر کے خلاف انڈی اتحاد کا پارلیمنٹ ہاؤس کے باہراحتجاج

تاثیر 2 دسمبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

نئی دہلی، 02 دسمبر:۔ پارلیمنٹ کے سرمائی اجلاس کے دوسرے دن کی کارروائی شروع ہونے سے پہلے، کانگریس کی قیادت والے انڈی اتحاد کے لیڈروں نے ووٹر لسٹ کی خصوصی جامع نظر ثانی (ایس آئی آر) کے خلاف احتجاج کیا۔ پارلیمنٹ ہاؤس کے باہرہوئے اس احتجاج میں کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے، کانگریس پارلیمانی پارٹی کی چیئرپرسن سونیا گاندھی، لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی، کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی، جنرل سکریٹری کے سی وینوگوپال، لوک سبھا میں کانگریس کے ڈپٹی لیڈر گورو گوگوئی، پرمود تیواری سمیت کئی پارٹیوں کے سینئر لیڈران موجود تھے۔
قائدین نے قطار میں کھڑے ہو کر پوسٹرز اور بینرز لے کر مظاہرہ کیا۔ پوسٹروں پر’’دلتوں، پسماندہ طبقات اور قبائلیوں کے ووٹ ختم کرنے کے لیے نہیں ہیں‘‘،’’ایس آئی ختم کرو، ووٹ چوری بند کرو‘‘،ایس آئی آر روکو، جمہوریت بچاؤ‘‘ اور’’ایس آئی آر جمہوریت کے خلاف جرم ہے‘‘جیسے نعرے درج تھے۔ مظاہرین نےایس آئی آر بند کرو کے نعرے بھی لگائے۔