اے ایم یو اے بی کے ہائی اسکول (بوائز) میں انٹر اسکول ضلعی والی بال ٹورنامنٹ کا آغاز

تاثیر 2 دسمبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

علی گڑھ، 2 دسمبر: یوم سر سید تقریبات کے تحت اے ایم یو اے بی کے ہائی اسکول (بوائز) میں انٹراسکول ضلعی والی بال ٹورنامنٹ کا آغاز ہوا، جس میں ضلع کے دس اسکولوں کی ٹیمیں شرکت کررہی ہیں۔
پرنسپل ڈاکٹر ثمینہ نے ٹورنامنٹ کا افتتاح کیا۔ انھوں نے طلبہ میں خود اعتمادی، نظم و ضبط اور ٹیم ورک کے فروغ میں کھیلوں کی اہمیت کو اجاگر کیا۔
ڈپٹی ڈائریکٹر، اسکول ایجوکیشن، اے ایم یو پروفیسر قدسیہ تحسین نے بحیثیت مہمان خصوصی اپنے خطاب میں طلبہ کی بھر پور حوصلہ افزائی کی۔ مہمانان اعزازی کے طور پر پروفیسر انور شہزاد، پروفیسر صائمہ یونس خان اور مسز آمنہ ملک شریک ہوئیں۔ محترمہ عزیزہ رضوی (سابق ڈائریکٹر، فزیکل ایجوکیشن، ویمنس کالج) بھی تقریب میں شریک ہوئیں۔
ٹورنامنٹ میں ایس ٹی ایس اسکول، آر ایم پی ایس سٹی اسکول، البرکات اسکول، عائشہ ترین اسکول، ایم یو کالج، بلیک ڈیل، بلیو برڈ، جی ڈی پبلک اسکول، علی گڑھ ماڈرن اسکول اور اے بی کے بوائز کی ٹیمیں شرکت کررہی ہیں۔ پہلے دن ایس ٹی ایس، آر ایم پی ایس، البرکات، عائشہ ترین اور ایم یو کالج کی ٹیموں نے جوش و جذبہ کے ساتھ اپنے اپنے مقابلوں میں حصہ لیا۔ ان میں سے ایس ٹی ایس اسکول نے فائنل میں جگہ بنا کر باقی میچوں کے لیے ایک دلچسپ ماحول پیدا کر دیا۔ اس موقع پر مسٹر رئیس احمد، مس ندا عثمانی اور محمد عمران موجود تھے۔ پروگرام کی نظامت مس غوثیہ اقبال نے کی۔