نوادہ کے بوڑھیا ساکھ جنگل سے لاکھوں کی کھیر لکڑی ضبط، پانچ گرفتار

تاثیر 20 دسمبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

نوادہ، 20 دسمبر:بہار میں نوادہ ضلع کے بوڑھیا ساکھ گاوں کے قریب جنگلی علاقہ میں ہفتہ کے روز محکمہ جنگل کی ٹیم نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے کھیر کی لکڑی کی غیر قانون اسمگلنگ کاانکشاف کیا ہے۔ لاکھوں روپے مالیت کی لکڑی قبضے میں لے لی گئی۔خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے اشوک لی لینڈ کے ایک ٹرک (نمبری پی 32 یو این 2609) سے بڑی مقدار میں کھیر کی لکڑی قبضے میں لے لی گئی۔ ٹرک ڈرائیور اورخلاصی سمیت پانچ افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔فاریسٹ ایریا آفیسر نارائن لال سیوک نے بتایا کہ انہیں اطلاع ملی تھی کہ بوڑھیا ساکھ جنگل میں کھیر کے درختوں کو غیر قانونی طور پر کاٹا جا رہا ہے اور اسے اتر پردیش کے رجسٹریشن نمبر والے ٹرکوں پر لادا جا رہا ہے۔ اطلاع کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے فوری طور پر ایک خصوصی چھاپہ ماری ٹیم تشکیل دی گئی۔ فارسٹر ا?درش کمار کو اس ٹیم کی قیادت سونپی گئی تھی۔ تشکیل شدہ ٹیم نے جنگل کے علاقے میں پہنچ کر علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور تین ا سمگلروں کو ٹرک میں کھیر کی لکڑی لادتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑ لیا۔ ٹرک ڈرائیور اور خلاصی کو بھی موقع پر گرفتار کر لیا گیا۔ ٹرک کے علاوہ ایک موٹر سائیکل بھی قبضے میں لے لی گئی جس کے بارے میں شبہ ہے کہ اسمگلنگ میں استعمال ہوتا تھا۔