سہرسہ میں روزنامہ ’تأثیر‘ کی شروعات معیاری صحافت اور اردو کے فروغ کی نئی امید، اہالیان سہرسہ

تاثیر 8 دسمبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

سہرسہ(سالک کوثر امام) 08 دسمبر: سہرسہ ضلع کے لیے آج کا دن صحافت اور اردو زبان دونوں اعتبار سے اہم ثابت ہوا، جب معتبر اور ہمہ گیر اردو اخبار روزنامہ تأثیر کی باقاعدہ دستیابی کا آغاز ضلع میں کر دیا گیا۔ اس سلسلے میں مقامی معزز شخصیات نے جمع ہو کر اخبار کا رسمِ اجرا انجام دیا۔
تقریب میں موجود لوگوں نے تأثیر کی آمد کو سہرسہ میں مثبت صحافتی فضا، بہتر معلومات اور عوامی مسائل کے مؤثر ابلاغ کی نئی شکل قرار دیا۔
شرکا کا کہنا تھا کہ تأثیر کا سہرسہ تک پہنچنا صرف ایک اخبار کی آمد نہیں بلکہ اردو زبان کے فروغ کا بھی اہم ذریعہ ہے۔
اردو میں خبریں پڑھنے والے افراد کے مطابق، آج کے دور میں اردو اخبارات کا کم ہونا ایک تشویش کا باعث تھا، مگر تأثیر نے اس خلا کو پُر کر دیا ہے۔
تنظیم ائمہ مساجد کے صدر ممتاز رحمانی نے کہا
“اردو ہماری تہذیب کی زبان ہے، اور تأثیر کے آنے سے نوجوانوں میں اردو پڑھنے کا رجحان پھر سے بڑھے گا۔”
ایک دکاندار نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا “مہنگائی کے دور میں جہاں اکثر اخبارات کی قیمت بڑھتی جا رہی ہے، تأثیر نے دو روپے میں معیاری صحافت پہنچا کر عوام کے بوجھ کو کم کیا ہے۔ یہ عام لوگوں کے لیے بڑی سہولت ہے۔”
سابق مکھیا اعجاز احمد نے کہا “تأثیر زمینی سطح کی آواز اٹھاتا ہے۔ آج سہرسہ کے عوام کو ایک سچا اور قابلِ بھروسہ اخبار مل گیا۔”
سماجی کارکن منہاج عالم نے کہا  “تأثیر میں تعلیمی، سماجی اور دینی خبریں موجود ہوتی ہیں۔ بچوں اور نوجوانوں کے لیے یہ بہترین معلوماتی ذریعہ ثابت ہوگا۔”
 سماجی کارکن وسیع الہدی عرف پپو نے کہا“میرے لیے یہ فخر کا لمحہ ہے کہ میرا پسندیدہ اخبار اب میرے ضلع میں بھی دستیاب ہے۔ ہم لوگوں کو صحیح سمت دینے میں یہ اخبار اہم کردار نبھائے گا۔”
تقریب میں حافظ ممتاز رحمانی، سابق مکھیا اعجاز احمد، منہاج عالم، وسیع الہدی عرف پپو، صحافی سالک کوثر امام ،محمدکاشف، محمد ابرہیم و دیگر شامل لوگوں نے تأثیر کی کاپیاں ہاتھوں میں لے کر تصاویر بھی بنوائیں، جو اس بات کی علامت ہے کہ سہرسہ میں اس اخبار کا گرمجوشی سے استقبال کیا جا رہا ہے۔ لوگوں نے کہا کہ ہارڈ کاپی آنے سے ضلع کی حقیقی آواز مضبوط ہوگی، خاص طور پر عام شہریوں کے مسائل اور کامیابیاں بڑے پلیٹ فارم تک پہنچ سکیں گی۔