تاثیر 2 دسمبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
جموں, 2 دسمبر: فوج کی شمالی کمان کے کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل پرتیک شرما نے کشتواڑ اور ادھم پور میں انسدادِ دہشت گردی گرڈ کا جائزہ لیا اور سیکورٹی اداروں پر مستقل چوکسی برقرار رکھنے پر زور دیا۔
سرکاری عہدیداروں کے مطابق آرمی کمانڈر نے ادھم پور کے بسنت گڑھ اور کشتواڑ کے چھاترو علاقوں کا دورہ کیا، جہاں گزشتہ چند برسوں کے دوران متعدد دہشت گردانہ واقعات رونما ہو چکے ہیں۔
ایک دفاعی ترجمان نے اپنے بیان میں کہا کہ لیفٹیننٹ جنرل پرتیک شرما نے چھاترو اور بسنت گڑھ میں یونٹس کی تیاریوں اور انسدادِ دہشت گردی گرڈ کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے فیلڈ کمانڈروں کے ساتھ مضبوط سیکورٹی حکمت عملی اور علاقائی امن کے استحکام کے حوالے سے مشاورت کی۔
آرمی کمانڈر نے زمینی لیڈرشپ اور فوجی جوانوں کے حوصلے کی تعریف کرتے ہوئے ابھرتے ہوئے چیلنجز سے نمٹنے میں ان کے عزم کو سراہا۔
انہوں نے واضح کیا کہ خطے کو دہشت گردی سے پاک رکھنے کے لیے مستقل نگرانی، ٹیکنالوجی کے بہتر استعمال اور مضبوط سیکورٹی انتظامات ناگزیر ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ بھی کیا کہ ناردرن کمان دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پوری طرح پرعزم ہے۔

