تاثیر 25 دسمبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
تعلیم کے میدان میں نمایاں خدمات پر ریاستی سطح پر شاندار تہنیت
سیتامڑھی۔ (مظفر عالم)
بہار اسٹیٹ مدرسہ ایجوکیشن بورڈ، پٹنہ کے زیرِ اہتمام مدرسہ بورڈ سے منظور شدہ مثالی مدارس، تعلیم کے شعبے میں نمایاں خدمات انجام دینے والے اساتذہ اور صدی تقریبات میں شریک طلبہ و طالبات کے اعزاز میں ایک پروقار ریاستی سطحی تقریبِ تہنیت منعقد کی گئی۔ یہ باوقار تقریب بہار انڈسٹریز ایسوسی ایشن کے سِنہا لائبریری روڈ، پٹنہ واقع آڈیٹوریم میں کامیابی کے ساتھ منعقد ہوئی۔ اس ریاستی اعزازی تقریب میں ضلع سیتمڑھی کے چار اساتذہ اور مدرسہ تعلیم سے وابستہ ایک ممتاز سماجی خدمت گار کو ان کی گرانقدر تعلیمی و سماجی خدمات کے اعتراف میں اعزاز سے نوازا گیا۔ اعزاز پانے والوں میں مدرسہ حمیدیہ دارالبنات حسینہ کے اسسٹنٹ ٹیچر محمد شوکت علی، مدرسہ رحمانیہ دارالبنات اندولی، پریہار کے اسسٹنٹ ٹیچر محمد مناظرالاسلام، مدرسہ دارالبنات پُوپری کے صدر مدرس مولوی محمد سیف اللہ رازی، مدرسہ عزیزیہ جامع مسجد کے صدر مدرس مولانا محمد بشیرالدین، مدرسہ ایوارڈ سے سرفراز مدرسہ اسلامیہ عربیہ جامع مسجد کورٹ بازار کے پرنسپل مولانا محمد علی مرتضیٰ اور مدرسہ رحمانیہ مہسول کے سابق صدر محمد ارمان علی شامل ہیں۔
تمام معززین کو مدرسہ بورڈ کے چیئرمین سلیم پرویز، رکنِ قانون ساز کونسل (ایم ایل سی) ڈاکٹر خالد انور، مدرسہ بورڈ کے سکریٹری عبدالسلام انصاری، شیعہ وقف بورڈ کے چیئرمین ارشاد علی آزاد اور مدرسہ بورڈ کے اراکین نے مشترکہ طور پر تعریفی اسناد اور اعزازی شیلڈ پیش کر کے سرفراز کیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مدرسہ بورڈ کے چیئرمین سلیم پرویز نے کہا کہ مدرسہ تعلیم کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرتے ہوئے معیاری اور بامقصد تعلیم فراہم کرنا بورڈ کی اولین ترجیح ہے۔ سیتامڑھی سمیت بہار کے مختلف اضلاع سے تشریف لانے والے اساتذہ کی خدمات نہایت قابلِ ستائش ہیں۔ ایسے اساتذہ کی حوصلہ افزائی نہ صرف ان کے جذبۂ خدمت کو تقویت دیتی ہے بلکہ نئی نسل کو بہتر تعلیم کی طرف راغب کرنے کا ذریعہ بھی بنتی ہے۔
اعزاز حاصل کرنے والے اساتذہ اور تعلیمی شخصیات نے اس موقع کو اپنی زندگی کا ایک یادگار اور قابلِ فخر لمحہ قرار دیتے ہوئے مدرسہ بورڈ کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ یہ اعزاز انہیں مستقبل میں مزید اخلاص، محنت اور لگن کے ساتھ تعلیمی خدمات انجام دینے کی تحریک فراہم کرے گا۔

