تاثیر 3 دسمبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
نئی دہلی، 3 دسمبر: دہلی میونسپل کارپوریشن (ایم سی ڈی) کے 12 وارڈوں میں ہوئے ضمنی انتخابات کے نتائج کا بدھ کو اعلان کیا گیا۔ ایم سی ڈی کے مطابق، بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے 12 میں سے 7 سیٹوں پر کامیابی حاصل کی، عام آدمی پارٹی (اے اے پی) نے 3 سیٹیں، کانگریس نے 1 سیٹ جیتی، اور ایک آزاد امیدوار نے 1 سیٹ جیتی۔ 30 نومبر کو ہونے والے ضمنی انتخابات میں کل 38.51 فیصد ووٹ ڈالے گئے۔
میونسپل کارپوریشن کے ضمنی انتخاب کے نتائج میں جیتنے والے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے سات امیدواروں میں شالیمار باغ-بی کے وارڈ 56 سے انیتا جین، گریٹر کیلاش کے وارڈ 173 سے انجم منڈل، اشوک وہار کے وارڈ 65 سے وینا اسیجا،چاندنی چوک وارڈ 74سے سمن کمار گپتا،ونود نگر کے وارڈ198سے سرلا چودھری، دوارکا وی کے وارڈ 120سے نیشا راج پال سہراوٹ اور دیچاؤں کلاں کے وارڈ128سے ریکھا رانی نے پرچم لہرایا۔
اس کے علاوہ، عام آدمی پارٹی (اے اے پی) نے تین سیٹیں جیتی ہیں: منڈکا سے انیل لاکرا، نارائنا سے راجن اروڑہ، اور دکشن پوری سے رام سوروپ کنوجیا۔ دریں اثنا کانگریس کے سریش چودھری نے سنگم وہار-اے سے اور آزاد امیدوار محمد عمران چاندنی محل سے جیت گئے۔

