تاثیر 2 دسمبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
کولکتہ، 02/ دسمبر (تاثیر بیورو) ایم پی برلا انسٹی ٹیوٹ آف فنڈامینٹل ریسرچ نے ممتاز ماہرِ فلکیات اور نیشنل سینٹر فار ریڈیو ایسٹرو فزکس (ٹی آئی ایف آر، پونے) کے سینٹر ڈائریکٹر پروفیسر یشوَنت گپتا کو سال 2025 کا باوقار ایم پی برلا میموریل ایوارڈ دینے کا اعلان کیا ہے۔ انہیں ریڈیو فلکیات میں نمایاں اور بنیادی تحقیق کے اعتراف میں یہ اعزاز دیا جا رہا ہے۔
ایوارڈ 1993 میں ایم پی برلا پلینیٹیریم کے بانی آنجہانی شری ایم پی برلا کی یاد میں قائم کیا گیا تھا اور اسے فلکیات، فلکی طبیعیات اور خلائی علوم کے اہم اعزازات میں شمار کیا جاتا ہے۔
ایم پی برلا انسٹی ٹیوٹ کے اعزازی سیکریٹری ایس کے ڈاگا اور کیوریٹر ایس دتّا نے پروفیسر گپتا کی طویل خدمات اور سائنسی تحقیق میں ان کے نمایاں کردار کو سراہا۔ ایوارڈ کی رسمِ اعزاز 5 دسمبر 2025 کو ایم پی برلا پلاتونیم، کولکتہ میں منعقد ہوگی۔

