این سی آرکوہرے کی سفید چادر میں لپٹا، دھند کی وجہ سے حدنگاہ کم ہوئی

تاثیر 20 دسمبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

نوئیڈا، 20 دسمبر:نیشنل کیپیٹل ریجن (این سی آر) ہفتہ کو دھند کی ایک گھنی چادر میں ڈھک گیا۔ ویزیبلٹی (حدنگاہ )صفر تک گر گئی۔ ہائی ویز اور دیگر راستوں پر ڈرائیوروں کو خاصی پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ صورتحال ایسی تھی کہ ڈرائیور 10-15 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے گاڑی چلاتے نظر آئے۔ڈپٹی کمشنر آف پولیس (ٹریفک) ڈاکٹر پروین رنجن سنگھ نے بتایا کہ پولیس اہلکار رات گئے سے صبح سویرے تک مختلف شاہراہوں پر تعینات رہے۔ انہوں نے ڈرائیوروں کو روک کر محفوظ طریقے سے گاڑی چلانے کا مشورہ دیا۔ کئی مقامات پر، پولیس نے بھاری گاڑیوں کے ڈرائیوروں کو روکا، انہیں چائے پلائی، اور انہیں خبردار کیا کہ وہ گاڑی چلاتے وقت محتاط رہیں اور اگر انہیں نیند آنے لگے تو اپنی گاڑیاں سڑک کے کنارے کھڑی کر دیں۔
آج صبح سے حد نگاہ صفر ہے۔ یہاں تک کہ آس پاس کی چیزیں بھی نظر نہیں آ رہی تھیں۔ نوئیڈا اور آس پاس کے علاقوں میں دھند کی چادر چھائی ہوئی ہے، جس سے لوگوں کو ایک میٹر کے فاصلے سے بھی دیکھنا مشکل ہو گیا ہے۔ حتیٰ کہ سوسائٹی میں ایک ٹاور سے دوسری ٹاور دیکھ پانا مشکل ہو رہا تھا۔