اب مدھیہ پردیش کے بھوپال میں سیاحوں کوکشمیر کی ڈل جھیل جیسا لطف ملے گا

تاثیر 4 دسمبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

بھوپال، 4 دسمبر: مدھیہ پردیش کے وزیر اعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو نے کہا ہے کہ بھوپال میں تقریباً ایک ہزار سال قبل تعمیر کردہ بڑے تالاب میں ’شکارا کشتی‘ سروس کا افتتاح تاریخی موقع ہے۔ ان نئی 20 شکاروں کے ذریعے سیاحوں کو کشمیر کی مشہور ڈل جھیل کا لطف، جھیلوں کی نگری بھوپال میں ہی مل جائے گا۔
یہ بات وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے جمعرات کو بھوپال کے بوٹ کلب پر ’شکارا کشتی‘ سروس کو ہری جھنڈی دکھانے کے بعد کہی۔ پروگرام میں اسمبلی اسپیکر نریندر سنگھ تومر، ہریانہ کے اسمبلی اسپیکر ہرویندر کلیان، شہری ترقیات اور ہاوسنگ وزیر کیلاش وجے ورگیہ، اپوزیشن لیڈر امنگ سنگھار، رکن اسمبلی اور بی جے پی صدر ہیمنت کھنڈیلوال خاص طور پر موجود تھے۔
وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے کہا کہ شکاروں میں سیاحوں کے لیے کھانے پینے اور آرام دہ بیٹھنے کا انتظام کیا گیا ہے۔ یہ شکارے ریاست کے ”واٹر ٹورزم“ کو قومی اور بین الاقوامی سطح پر نئی شناخت دلائیں گے۔ ریاست کے باشندے سیاحتی سروس کا فائدہ اٹھانے کے لیے آگے آئیں۔ ایم پی ٹورزم، واٹر اسپورٹس سرگرمیوں کو بھی آگے بڑھا رہا ہے۔ شکارا سروس کا لطف اٹھاتے ہوئے سیاح دیسی مصنوعات کی خریداری بھی کر پائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مدھیہ پردیش نے جنگلی جانوروں کی بازآبادکاری میں بھی تاریخ رقم کی ہے۔ آج بین الاقوامی چیتا دن پر کونو میں خصوصی پروگرام منعقد کیا گیا ہے۔