مالی پانچ گھڑا تھانہ کے افسر اِنچارج کی معزز شہریوں سے ملاقات، امن و امان پر تبادلۂ خیال

تاثیر 23 دسمبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

ہوڑہ، 23/ دسمبر (تاثیر بیورو) مالی پانچ گھڑا تھانہ کے نو تعینات افسر اِنچارج شری سوجوئے سرکار نے ذمہ داری سنبھالنے کے بعد علاقے کے امن پسند اور معزز شہریوں کے ساتھ ایک اہم میٹنگ منعقد کی۔ اس موقع پر انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ علاقے میں امن و قانون کی صورتِ حال برقرار رکھنے میں پولیس اور انتظامیہ کا بھرپور تعاون کریں۔
شری سوجوئے سرکار نے واضح کیا کہ عوام کے تعاون کے بدلے پولیس اور انتظامیہ بھی اپنی ذمہ داریوں کو پوری دیانت داری کے ساتھ نبھائے گی اور علاقے کے مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن قدم اٹھائے گی۔ انہوں نے کہا کہ چھوٹے موٹے تنازعات کو گفت و شنید کے ذریعے حل کرنے کی کوشش کی جائے، اور جہاں پولیس کی ضرورت محسوس ہو وہاں پولیس ہر ممکن مدد فراہم کرے گی۔
آج گھسڑی، ہوڑہ کے معززین پر مشتمل ایک وفد نے تھانہ پہنچ کر افسر اِنچارج سے ملاقات کی اور پھولوں کا گلدستہ پیش کرکے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ میٹنگ کے دوران افسر اِنچارج نے علاقے میں سیکورٹی کے پیش نظر سی سی ٹی وی کیمروں کی ضرورت پر بھی گفتگو کی اور کہا کہ انتظامیہ سے بات چیت کے ذریعے سی سی ٹی وی نصب کرنے کی کوشش کی جائے گی۔
انہوں نے یقین دلایا کہ علاقے میں امن و امان، باہمی ہم آہنگی اور سیکورٹی کو مضبوط بنانے کے لیے پولیس اور انتظامیہ ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی۔
اس وفد میں سماجی کارکن ارمان انصاری، فردوس مسجد کے امام مولانا لقمان رضا، حکیم سلیم اختر، بدرالضیٰ انصاری، جاوید اختر اور ارشد علی انصاری سمیت دیگر معزز شخصیات شامل تھیں۔