پولو کینسر سینٹر کی منفرد پہل ’چیک اولیٹ‘ کے ذریعے خواتین میں صحت بیداری

تاثیر 16 دسمبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

کولکاتا، 16/ دسمبر (تاثیر بیورو) اپولو کینسر سینٹر نے چھاتی کے کینسر سے متعلق بیداری کے لیے ایک انوکھا اور تخلیقی اقدام ’چیک اولیٹ‘ کا آغاز کیا ہے۔ یہ ڈارک چاکلیٹ صرف ایک مٹھاس نہیں بلکہ ہر خاتون کے لیے خود کی دیکھ بھال کی ایک اہم یاددہانی ہے۔
اس مہم کا مقصد خواتین کو ماہانہ بریسٹ سیلف ایگزامینیشن کی ترغیب دینا ہے، کیونکہ بروقت تشخیص سے چھاتی کے کینسر میں جان بچائی جا سکتی ہے۔ چاکلیٹ پر موجود کیو آر کوڈ اسکین کرنے سے ایک اینیمیٹڈ ویڈیو کھلتی ہے، جس میں خود معائنہ کرنے کا آسان طریقہ بتایا گیا ہے۔
اس موقع پر اپولو ہاسپٹلس، ایسٹرن ریجن کے ڈائریکٹر میڈیکل سروسز ڈاکٹر سریندر سنگھ بھاٹیہ نے کہا کہ خواتین کی صحت مضبوط ہوگی تو خاندان اور معاشرہ بھی مضبوط ہوگا۔ انہوں نے زور دیا کہ خود کی دیکھ بھال کوئی عیش نہیں بلکہ طاقت کا ذریعہ ہے۔
جبکہ ریڈی ایشن آنکولوجی کی کنسلٹنٹ ڈاکٹر اروندھتی دے نے کہا کہ چھاتی کے کینسر میں ابتدائی تشخیص زندگی بچاتی ہے، اور چند منٹ کا ماہانہ خود معائنہ بڑا فرق پیدا کر سکتا ہے۔
ہیتائشی نی تنظیم کی ایگزیکٹو ممبر سمترا بارات نے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ چاکلیٹ کی خوشی کو صحت کی فکر سے جوڑنا ایک مؤثر اور دل کو چھو لینے والا پیغام ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’چیک اولیٹ‘ نہ صرف آگاہی مہم ہے بلکہ خواتین کو اپنی صحت پر کنٹرول حاصل کرنے کی ایک مثبت تحریک بھی ہے۔