تاثیر 6 دسمبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
نئی دہلی، 6 دسمبر: بابا صاحب ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر کے 70 ویں یوم وفات یا مہاپرینیروان دیوس کے موقع پر صدرجمہوریہ دروپدی مرمو اور وزیر اعظم نریندر مودی نے ہفتہ کو پارلیمنٹ میں پھول چڑھا کر ڈاکٹر امبیڈکر کو خراج عقیدت پیش کیا۔ صدر اور وزیر اعظم کے ساتھ متعدد اراکین پارلیمنٹ موجود تھے جنہوں نے آئین کے معمار کے لیے اپنے احترام کا اظہار کیا۔ اس موقع پر نائب صدر رادھا کرشنن بھی موجود تھے۔وزیر اعظم نریندر مودی نے ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کو مہاپری نروان دیوس پر سوشل میڈیا پر یاد کرتے ہوئے لکھا، ”ان کی دور اندیش قیادت اور انصاف، مساوات اور آئین کے تئیں غیر متزلزل وابستگی ہمارے قومی سفر کی رہنمائی کرتی رہے گی۔ انہوں نے نسلوں کو انسانی وقار کو برقرار رکھنے اور جمہوری اقدار کو مضبوط کرنے کی ترغیب دی۔‘‘
ہاؤسنگ اور شہری امور کے وزیر منوہر لال کھٹر نے سماجی ہم آہنگی کے علمبردار، مساوات اور لگن کے مظہر، ہندوستانی آئین کے معمار، ‘بھارت رتن’ بابا صاحب ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر کو ان کے یو وفات یعنی مہاپرینیرون دیوس پر خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ بابا صاحب ہندوستانی آئین کے معمار ہونے کے ساتھ ساتھ سماجی ہم آہنگی کے لافانی علمبردار بھی تھے جنہوں نے اپنی زندگی استحصال اور محروموں کی فلاح و بہبود کے لیے وقف کردی۔

