نالندہ میں پراپرٹی ڈیلر کا قتل

تاثیر 12 دسمبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

بہار شریف ،12 دسمبر(دانش)نالندہ میں ایک پراپرٹی ڈیلر کو بے رحمی سے قتل کر دیا گیا۔ واردات کے بعد ملزمان نے لاش کو ایک میدان میں پھینک دیا۔ مقتول کی پیٹھ پر زخموں کے نشان پائے گئے، جبکہ ہاتھ اور پیر بھی سیاہ پڑے ہوئے تھے۔ اس سے اندازہ ہوتا ہے کہ اسے ہاتھ پیر باندھ کر شدید تشدد کا نشانہ بنایا گیا اور موت کے بعد رات کی تاریکی میں لاش کو میدان کے بیچوں بیچ پھینک دیا گیا۔مقتول کی شناخت 23 سالہ منٹو کمار عرف گولو کے طور پر ہوئی ہے، جو نُورسرائے کے کوکل چک گاؤں کا رہنے والا تھا۔ وہ گزشتہ دو ماہ سے دھنیشور گھاٹ محلہ میں کرائے کے مکان پر رہ رہا تھا۔ واقعہ ڈاکٹر کالونی (چونا گلی، گڑھ پر) کے علاقے کا ہے۔مقتول کی بڑی بہن پریا کُمارِی نے بتایا کہ جمعرات کی رات تقریباً ساڑھے گیارہ بجے بھائی کے نمبر سے فون آیا۔ فون پر اس نے کہا کہ ’’دیدی پیسے دے دو، نہیں تو یہ لوگ مجھے جان سے مار دیں گے‘‘۔ جب میں نے پوچھا کہ کہاں ہو اور پیسوں کی ضرورت کیوں ہے تو اس نے ایک جگہ کا نام بتایا۔ بھائی کے نمبر سے ہی ایک اسکینر بھی بھیجا گیا، جس پر 20 ہزار روپے کی طلب کی گئی۔ میں نے اس نمبر پر 3 ہزار روپے بھیج دیے، لیکن اس کے باوجود پیسوں کی مانگ ہوتی رہی۔جب میں نے دوبارہ کال کی تو فون بند تھا۔ رات تین بجے ایک بار پھر بھائی کے نمبر سے کال آئی۔ سامنے والے شخص نے کہا کہ وہ گولو کا دوست بول رہا ہے اور بتایا کہ اس کی حالت تشویشناک ہے اور اسے علاج کے لیے صدر اسپتال لے جایا جا رہا ہے۔ تھوڑی دیر بعد فون دوبارہ بند ہوگیا۔ صبح پولیس نے لاش ملنے کی اطلاع دی۔