تاثیر 26 دسمبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
جموں، 26 دسمبر: پاکستان کی سرپرستی میں ہونے والے دہشت گرد حملوں، اپریل میں پہلگام واقعہ، مئی میں آپریشن سندور اور اگست میں شدید بارشوں، بادل پھٹنے اور اچانک سیلاب جیسے سنگین حالات کے باوجود رواں برس جموں و کشمیر کے جموں خطے میں سیاحوں کی مجموعی تعداد ایک کروڑ 47 لاکھ 32 ہزار 552 رہی، جن میں 12 ہزار 889 غیر ملکی سیاح شامل ہیں۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق رواں سال سیاحتی شعبہ مسلسل غیر یقینی حالات سے دوچار رہا۔ پہلگام دہشت گرد حملے کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال، اس کے بعد سرحدی کشیدگی اور آپریشن سندور، جبکہ اگست میں غیر معمولی بارشوں اور سیلاب نے سیاحت کو شدید متاثر کیا۔ ان واقعات کا سب سے زیادہ اثر جموں ڈویژن کے اہم مذہبی و سیاحتی مقامات پر پڑا، جن میں شری ماتا ویشنو دیوی، شیو کھوری، پتنی ٹاپ، سناسر اور بھدرواہ شامل ہیں۔

