تاثیر 29 دسمبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
لداخ , 29 دسمبر:لداخ کو عالمی سیاحتی مرکز کے طور پر فروغ دینے کی سمت ایک اہم قدم اٹھاتے ہوئے لیفٹیننٹ گورنر کویندر گپتا نے اعلان کیا ہے کہ لیہہ کے قریب واقع سنگم پوائنٹ کو باقاعدہ طور پر ایڈونچر ٹورزم ہب کے طور پر ترقی دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ سیاحت لداخ کی معاشی ترقی کی ریڑھ کی ہڈی ہے، جس سے مقامی آبادی کی روزی روٹی مضبوط ہوتی ہے اور مہمان نوازی، ٹرانسپورٹ، دستکاری اور ایکو ٹورزم جیسے شعبوں کو تقویت ملتی ہے۔
لیفٹیننٹ گورنر کے مطابق سنگم پوائنٹ، جو سری نگر–لیہہ قومی شاہراہ پر لیہہ سے تقریباً 35 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے، دریائے سندھ اور دریائے زنسکار کے سنگم کی وجہ سے ایک قدرتی عجوبہ ہے۔ دریائے سندھ کے نیلگوں اور زنسکار کے مٹیالے پانیوں کا سنگم ملکی و غیر ملکی سیاحوں کو خاص طور پر متوجہ کرتا ہے۔
اتوار کو سنگم پوائنٹ کے دورے کے دوران انہوں نے کہا کہ لداخ کی نازک ماحولیاتی ساخت کے تحفظ کے ساتھ سیاحت کو فروغ دینا وقت کی ضرورت ہے۔ یہ علاقہ بلند پہاڑوں اور وادیوں سے گھرا ہوا ہے، جو فطرت سے محبت کرنے والوں، فوٹوگرافروں اور مہماتی سیاحت کے شوقین افراد کے لیے ایک مثالی مقام ہے۔ یہاں رِوَر رافٹنگ، ٹریکنگ اور سیر و تفریح جیسی سرگرمیاں دستیاب ہیں اور یہ سری نگر–لیہہ روٹ پر سفر کرنے والے سیاحوں کے لیے ایک اہم پڑاؤ بھی ہے۔

