آل انڈیا مسلم ایجوکیشنل کانفرنس کے زیرِ اہتمام اسکالرشپ تقسیم پروگرام

تاثیر 19 دسمبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

علی گڑھ, 19 دسمبر:آل انڈیا مسلم ایجوکیشنل کانفرنس کے ذریعے آج ایک تعلیمی پروگرام کا انعقاد کیا گیا، جس میں علی گڑھ کے مختلف اسکولوں کے مستحق اور باصلاحیت طلبہ و طالبات میںاسکالرشپ تقسیم کی گئیں۔ اس موقع پر کانفرنس کے جوائنٹ سیکریٹری اسد یارخاںبطورِ مہمانِ خصوصی موجود رہے۔پروگرام میں کانفرنس کے آنریری جنرل سیکریٹری پروفیسررضاء اللہ خان اور ٹریزرار محمد احمد شیون،پروفیسر عارف سہیل،پروفیسر ایم مزمل،پروفیسر ایم عمر نے بھی شرکت کی اور تعلیمی میدان میں کانفرنس کی کوششوں پر روشنی ڈالتے ہوئے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔مہمانِ خصوصی اسد یا رخاں نے کہا کہ اسکالرشپ کا مقصد بچوں کی حوصلہ افزائی کرنا اور انہیں اعلیٰ تعلیم کی جانب راغب کرنا ہے، تاکہ وہ مستقبل میں ملک و قوم کا نام روشن کر سکیں۔انھوں نے کہا کہ تعلیم ہی وہ مضبوط بنیاد ہے جس کے ذریعے قوم و ملت کی ہمہ جہت ترقی ممکن ہے، اور کانفرنس گزشتہ کئی دہائیوں سے اسی مقصد کے تحت تعلیمی خدمات انجام دے رہی ہے۔