کباڑی ڈیلر کی اسپتال میں موت، اہل خانہ نے پولیس پر پٹائی کا الزام لگایا

تاثیر 3 دسمبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

سہرسہ(سالک کوثر امام)کباڑی ڈیلر منوج کمار ساہ کی بدھ کو سہرسہ شہر کے ایک پرائیویٹ کلینک میں مشتبہ حالات میں موت ہو گئی۔ لواحقین نے سور بازار تھانہ پولیس پر الزام لگایا ہے کہ انہوں نے اسے وحشیانہ طریقے سے مارا پیٹا جس کی وجہ سے مبینہ طور پر اس کی طبیعت خراب ہوگئی اور علاج کے دوران اس کی موت ہوگئی۔ تاہم پولیس نے ان الزامات کو بے بنیاد قرار دیا ہے۔
متوفی ہنومان نگر چکلہ کا رہائشی اور تین بھائیوں میں سب سے بڑا تھا۔ پسماندگان میں اہلیہ رمبھا دیوی، ایک بیٹا اور دو بیٹیاں ہیں۔
 اہلیہ رمبھا دیوی کے مطابق، سوربازار پولیس نے منوج ساہ کو 27 نومبر کی شام 5 بجے گرفتار کیا اور پولیس اسٹیشن لے گئی۔ رات بھر اسے مبینہ طور پر بے دردی سے مارا پیٹا گیا اور اگلے دن 28 نومبر کو شام 5 بجے رہا کر دیا گیا۔
گھر واپس آنے کے بعد منوج ساہ کی طبیعت 29 نومبر کی صبح خراب ہونے لگی۔ اہل خانہ نے سہرسہ صدر اسپتال میں داخل کرایا، جہاں دو دن کے علاج کے بعد حالت میں کچھ بہتری آئی اور وہ گھر واپس آگیا۔ تاہم 2 دسمبر کو حالت دوبارہ بگڑ گئی جس کے بعد شہر کے ایک پرائیویٹ کلینک میں داخل کرایا گیا۔ بدھ کو وہیں موت ہوگئی۔
اہل خانہ نے قصوروار پولیس اہلکاروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ دریں اثنا، سور بازار تھانہ انچارج اجے کمار پاسوان نے ان الزامات کو بے بنیاد قرار دیا۔ انہوں نے بتایا کہ تقریباً 15 روز قبل علاقے میں محکمہ بجلی کی تاریں چوری ہوئی تھیں۔ پولیس نے ایک چور کو گرفتار کیا جس نے منوج ساہ کو چوری کی تاریں فروخت کرنے کا اعتراف کیا
تھانہ انچارج کے مطابق پوچھ گچھ کے دوران منوج ساہ نے چوری شدہ تار خریدنے کا اعتراف بھی کیا، لیکن تار برآمد نہیں ہوسکا۔ پوچھ گچھ کے بعد ضمانت پر رہا کر دیا گیا۔ ایک نجی کلینک کے ڈاکٹر برجیش کمار سنگھ نے بتایا کہ منوج کو گردے کی پریشانی کے علاج کے لیے داخل کیا گیا تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ موت کی اصل وجہ پوسٹ مارٹم رپورٹ کے بعد ہی معلوم ہو سکے گی۔