تاثیر 20 دسمبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
ناگاؤں (آسام)، 20 دسمبر : آسام کے لمڈنگ ڈویژن میں کامپوڑ-جمنا مکھ ریلوے لائن کے چانجورائی علاقے میں دہلی جانے والی راجدھانی ایکسپریس کی زد میں آکر سات ہاتھیوں کی دردناک موت ہوگئی۔ حادثہ اس وقت پیش آیا جب تیز رفتار راجدھانی ایکسپریس ریلوے ٹریک عبور کرنے والے ہاتھیوں کے جھنڈ سے ٹکرا گئی۔ واقعہ سے جائے وقوعہ پر افراتفری مچ گئی۔
یہ علاقہ ہاتھیوں کی نقل و حرکت کے لیے ایک حساس علاقہ سمجھا جاتا ہے، اس کے باوجود اس حادثے نے کئی سوالات کو جنم دیا ہے۔ اطلاع ملنے پر محکمہ جنگلات اور شمال مشرقی سرحدی ریلوے کے اہلکار جائے وقوعہ پر پہنچے۔ کسی مسافر کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ہے، حالانکہ ریل ٹریفک عارضی طور پر متاثر رہی۔ اس واقعہ میں ریلوے اور محکمہ جنگلات کے کردار پر سوالات اٹھ رہے ہیں۔

