تاثیر 13 دسمبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
جموں، 13 دسمبر: شیوسینا (یو بی ٹی) جموں و کشمیر یونٹ کے صدر منیش ساہنی نے شری ماتا ویشنو دیوی میڈیکل کالج کے داخلہ تنازعہ پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے لیفٹیننٹ گورنر جموں و کشمیر سے فوری نوٹس لینے کی اپیل کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس معاملے میں ہندو برادری کے مذہبی جذبات اور طلبہ کے مستقبل کو نظرانداز کیا جا رہا ہے، جو قابلِ افسوس ہے۔
پارٹی کے ریاستی دفتر میں میڈیا سے گفتگو کے دوران منیش ساہنی نے کہا کہ ایک ماہ سے زائد عرصہ گزرنے کے باوجود شری ماتا ویشنو دیوی میڈیکل کالج کی داخلہ فہرست سے متعلق تنازعہ کو حل کرنے کے لیے کوئی سنجیدہ قدم نہیں اٹھایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر میں ہندو برادری کو ہلکے میں لیا جا رہا ہے اور حالات ایک بار پھر 2008 کی تحریک جیسے رخ اختیار کرتے دکھائی دے رہے ہیں۔
منیش ساہنی نے کہا کہ اس تنازعہ میں مذہبی پہلو شامل ہونے کے باعث معاملہ مزید حساس ہو گیا ہے، جبکہ این سی پی اور پی ڈی پی کے بعض رہنماؤں کے بیانات صورتحال کو مزید پیچیدہ بنا رہے ہیں۔

