شیوراج چوہان نے جی رام جی کے خلاف پنجاب حکومت کی تجویز پر برہمی کا اظہار کیا

تاثیر 30 دسمبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

نئی دہلی، 30 دسمبر: مرکزی وزیر زراعت اور کسان بہبود شیوراج سنگھ چوہان نے پنجاب اسمبلی میں پارلیمنٹ سے منظور شدہ ’بی بی جی رام جی‘ ایکٹ کے خلاف تجویز لائے جانے پر سخت ناراضگی ظاہر کی ہے۔ چوہان نے پنجاب حکومت اور وہاں کی اپوزیشن پارٹیوں کے اس قدم کو ’اندھی مخالفت‘ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ کے ذریعے منظور شدہ قانون کو ماننے کے لیے مرکز اور سبھی ریاستیں پابند ہوتی ہیں۔شیوراج سنگھ چوہان نے منگل کو یہاں میڈیا سے کہا کہ پنجاب اسمبلی میں جو کچھ ہو رہا ہے، وہ غیر جمہوری، غیر مہذب اور آئین کی اصل روح کے خلاف ہے، جس کا واحد مقصد صرف مخالفت کرنا ہے۔ ان کا یہ قدم ہندوستان کے وفاقی ڈھانچے کی اصل روح اور ’اسپرٹ‘ کے خلاف ہے۔ انہوں نے حیرانی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جب پارلیمنٹ کے ذریعے کوئی قانون منظور کیا جاتا ہے، تو ریاستی اسمبلی میں اس کے خلاف تجویز منظور کرنا غیر آئینی اور غیر جمہوری ہے۔