سلامتی کونسل میں صومالیہ نے اسرائیلی اقدام کو اشتعال انگیز قرار دیا

تاثیر 30 دسمبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

نیویارک،30دسمبر(ہ س)۔سلامتی کونسل میں صومالیہ کے مندوب ابو بکر عثمان نے پیر کے روز اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کو ارسال کردہ مکتوب میں اپنے ملک کے اس دوٹوک مؤقف کا اعادہ کیا کہ وہ علاحدگی پسند خطے صومالی لینڈ کو یک طرفہ طور پر تسلیم کیے جانے کے کسی بھی اقدام کو قطعی طور پر مسترد کرتا ہے۔انہوں نے اسرائیلی اقدام کو صومالیہ کی خودمختاری، اس کی علاقائی وحدت اور بین الاقوامی قانون کی صریح خلاف ورزی قرار دیا۔
ابو بکر عثمان کا کہنا تھا کہ اسرائیلی قدم علاقائی اور عالمی سطح پر امن اور سلامتی کے لیے خطرہ ہے اور یہ قرن افریقہ، بحیرہ احمر اور پورے خطے کے استحکام کو متزلزل کر سکتا ہے۔ انہوں نے سلامتی کونسل کے ارکان سے مطالبہ کیا کہ صومالیہ کی وحدت یا اس کی سرزمین کو نقصان پہنچانے والے کسی بھی اقدام یا اعلان کو مکمل طور پر مسترد کیا جائے۔
مندوبِ صومالیہ کے مطابق پائیدار امن صرف اسی صورت ممکن ہے جب بین الاقوامی قانون کا احترام کیا جائے۔فلسطینی مسئلے پر بات کرتے ہوئے ابو بکر عثمان نے فلسطینیوں کو صومالی لینڈ منتقل کرنے سے متعلق کسی بھی قدم کو مسترد کیا اور اسرائیل سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنا فیصلہ واپس لے۔انہوں نے صومالی لینڈ کو تسلیم کرنے کے اسرائیلی اقدام کے خلاف عالمی سطح پر متحدہ مؤقف اپنانے کی بھی اپیل کی۔