حیڈرا کے نام پر ریاست کو نقصان: کے ٹی آر کا الزام

تاثیر 26 دسمبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

حیدرآباد، 26 دسمبر :بھارت راشٹرا سمیتی (بی آر ایس) کے کارگزار صدر کے ٹی راماراؤ نے ریاست میں گزشتہ دو برسوں سے جاری انہدامات، دھماکوں اور حکومتی فرار پر سخت تنقید کی ہے۔ تلنگانہ بھون میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کے ٹی آر نے کہا کہ حئیڈرا کے نام پر اندھا دھند انہدامات کیے جا رہے ہیں جبکہ کالیشورم بیراج اور چیک ڈیمس کو دھماکوں سے تباہ کیا جارہا ہے۔انہوں نے الزام لگایا کہ کانگریس لیڈران ریت کی فروخت کے لیے چیک ڈیمس کو بم سے اڑا رہے ہیں، جو ریاست کے آبی ڈھانچے اور کسانوں کے مستقبل کے لیے انتہائی خطرناک ہے۔ سری لنگم پلی حلقہ کے الوین ڈویڑن سے تعلق رکھنے والے کانگریس لیڈر دوسلا انیل نے باضابطہ طور پر بھارت راشٹرا سمیتی میں شمولیت اختیار کی۔ کے ٹی آر نے تلنگانہ بھون میں انہیں گلابی رومال پہنا کر پارٹی میں خوش آمدید کیا۔کے ٹی آر نے کہا کہ حیڈرا کے نام پرانہدامات عوام کو خوفزدہ کرنے کی کوشش ہیں۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ کالیشورم بیراج اور چیک ڈیمس پر دھماکے کیوں کیے گئے؟ کیا اس کا جواب حکومت دے گی؟ انہوں نے کہا کہ یہ سب کسان مخالف اور ریاست مخالف اقدامات ہیں۔