تاثیر 23 دسمبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
کولکاتا، 23/ دسمبر (تاثیر بیورو) بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار کی جانب سے ایک تقریب کے دوران خاتون کا حجاب کھینچے جانے کے واقعہ کے خلاف آج کولکاتا کے پارک سرکس سیون پوائنٹ پر مختلف سماجی، مذہبی اور شہری تنظیموں کے زیرِ اہتمام ایک علامتی احتجاجی مظاہرہ منعقد کیا گیا۔ اس احتجاج میں بڑی تعداد میں خواتین نے شرکت کی اور واقعہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے خواتین کی عزت، مذہبی آزادی اور آئینی حقوق پر حملہ قرار دیا۔
مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر حجاب کی حرمت، خواتین کے احترام اور جمہوری اقدار کے تحفظ سے متعلق نعرے درج تھے۔ مقررین نے کہا کہ کسی بھی عوامی نمائندے کو یہ حق حاصل نہیں کہ وہ کسی خاتون کے مذہبی لباس یا شخصی آزادی میں مداخلت کرے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ نتیش کمار اس واقعہ پر عوامی طور پر معافی مانگیں اور مستقبل میں ایسے رویوں کی روک تھام کے لیے سخت اقدامات کیے جائیں۔
تنظیموں کے نمائندوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگرچہ احتجاج میں عوام کی شرکت قابلِ ذکر رہی، تاہم ہفتے کے درمیانی دن ہونے کے باعث بہت سے لوگ اپنی مصروفیات کے سبب شامل نہ ہو سکے، ورنہ یہ احتجاج کہیں زیادہ بڑا اور مؤثر ہو سکتا تھا۔ اس کے باوجود شرکاء نے پرامن انداز میں اپنا احتجاج ریکارڈ کرایا اور واضح پیغام دیا کہ خواتین کی توہین اور مذہبی علامات کی بے حرمتی کسی بھی صورت قابلِ قبول نہیں۔
احتجاج کے اختتام پر منتظمین نے اعلان کیا کہ اگر ذمہ داران کی جانب سے مناسب وضاحت اور معذرت سامنے نہیں آئی تو آئندہ دنوں میں مزید وسیع پیمانے پر احتجاجی پروگرام منعقد کیے جائیں گے۔

