تاثیر 25 دسمبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
شملہ، 25 دسمبر : ہماچل پردیش میں جمعرات کو کرسمس کے دن بھی برف باری نہیں ہوئی۔ شملہ، کفری اور منالی جیسے مشہور پہاڑی مقامات پر برفباری کی امید رکھنے والے سیاحوں کو مایوسی ہوئی۔ ریاست بھر میں خشک موسم جاری ہے اور سرد ہواو¿ں کے درمیان خشک سردی کا اثر قائم ہے۔ موسم صاف رہنے کی وجہ سے صبح سے ہی دھوپ کھلی ہوئی ہے،تاہم سردی کا قہر بھی برقرار ہے۔
کرسمس پر برف باری نہ ہونے کے باوجود شملہ اور منالی میں سیاحوں کی اچھی خاصی آمد دیکھنے میں آئی۔ ہوٹل، بازار اور سیاحتی مقامات پر کافی رونق رہی لیکن برف باری نہ ہونے سے سیاحوں کی امیدیں پوری نہیں ہوسکیں۔ مقامی تاجروں کا کہنا ہے کہ اگر نئے سال کے آس پاس برف باری ہوتی ہے تو سیاحت کو مزید فروغ مل سکتا ہے۔ شملہ میں آخری بار 2016 میں کرسمس کے موقع پر برف باری ہوئی تھی۔ اس بار شملہ، کفری، منالی اور ریاست کے دیگر پہاڑی مقامات سیزن کی پہلی برف باری کا انتظار کر رہے ہیں۔

