خواتین ، نگہداشت کی ذمہ داری اور معاشی ترقی: او ایس ایچ کوڈ ، 2020 کی انقلاب آفریں صلاحیت

 

قلمکار: محترمہ رچنا مہرا

ہندوستان کی طویل مدتی اقتصادی ترقی کی رفتار نمایاں  طور پر لیبر مارکیٹ میں خواتین کی مکمل شمولیت سے جڑی ہوئی ہے ۔ پالیسی سازوں اور عالمی اداروں کے ذریعہ خواتین کی اقتصادی شرکت کی  انقلابی صلاحیت کو تیزی سے تسلیم کیے جانے کے ساتھ ، ملک میں حوصلہ بخش  رفتار کا مشاہدہ کیا جا رہا ہے ۔ اگرچہ 2024 میں ہندوستان کی خواتین لیبر فورس کی شرکت کی شرح (ایل ایف پی آر) 32.8 فیصد تھی ، جو کہ بین الاقوامی لیبر آرگنائزیشن (آئی ایل او) کی رپورٹ کے مطابق عالمی ایل ایف پی آر 48.9 فیصد اور مشرقی ایشیا کے 59.2 فیصد سے کم ہے ، خواتین کے روزگار کے حالیہ رجحان   میں بدستور اضافہ ہورہاہے ، جس سے دیہی اور شہری دونوں علاقوں تک ان کی رسائی بڑھ رہی ہے ۔ ہندوستان کی لیبر فورس میں خواتین کی شرکت طویل عرصے سے مختلف سماجی و اقتصادی اور ثقافتی رکاوٹوں ، خاص طور پر گھریلو دیکھ ریکھ کی ذمہ داریوں کی وجہ سے متاثر رہی ہے ۔تاہم ، حالیہ حکومتی اقدامات اس سلسلے میں مثبت تبدیلی کا اشارہ دے رہے ہیں ۔

پیشہ ورانہ حفاظت ، صحت اور کام کرنے کے حالات (او ایس ایچ) کوڈ ، 2020 ، جامع ترقی کی طرف ہندوستان کے سفر میں ایک سنگ میل کی نمائندگی کرتا ہے ۔  یہ کوڈ غیر محفوظ کام کے مقامات اور محدود قانونی تحفظات سے نبرد آزما  ہونے والی لاکھوں خواتین کے لیے کام کاج کے حالات کا تحفظ کرکے گہری عدم مساوات کو دور کرنے کا اہم موقع فراہم کرتا ہے ۔  صحت ، فلاح و بہبود اور حفاظت کے لیے معیاری اقدامات کرکے ، او ایس ایچ کوڈ  ایک ریگولیٹری فریم ورک اور صنفی مساوات کی توسیع کے موجب دونوں کے طور پر کام کرتا ہے ۔

عالمی تجربات سے  یہ ظاہر ہوتا ہے کہ پیشہ ورانہ حفاظت اور صنفی  لحاظ سے حساس اصلاحات سے افرادی قوت کی شرکت میں اضافہ ہوتا ہے ۔  ویتنام کا 2019 کا لیبر کوڈ ، جس کے ذریعہ  زچگی کے تحفظ اور کام کے مقام پر حفاظت میں بہتری کا اقدام کیا گیا ، اس سے خواتین کو برقرار رکھنے اور برآمداتی مسابقت میں خاطر خواہ اضافہ ہوا ۔  اسی طرح ، ملیشیا میں 2022 کے ملازمات کے قانون میں  ترامیم سے  کلیدی صنعتوں میں خواتین کے رسمی کام کاج کے ساتھ خاندانی ذمہ داریوں کو متوازن کرنے میں مدد ملی ہے۔  ہندوستان کے لیے یہ مثالیں قیمتی سبق پیش کرتی ہیں ۔  میک ان انڈیا اور وکست بھارت 2047 جیسے اقدامات ایک پیداواری ، جامع افرادی قوت کا تقاضا کرتے ہيں ۔  او ایس ایچ کوڈ میں حفاظتی کمیٹیوں ، استراحت کی سہولیات اور کریچ کے التزامات خواتین کے  روزگار کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو کم کر سکتے ہیں ، جبکہ اس کے یکساں اطلاق  سےغیر منظم اور غیر رسمی شعبوں میں بھی خواتین کو اہم تحفظ فراہم ہوتا ہے ۔

ہندوستان میں خواتین لیبر فورس کی شرکت کی موجودہ  حالت

شماریات اور پروگرام کے نفاذ کی وزارت کے ذریعہ انجام دیے جانے والے  پیریڈک لیبر فورس سروے (پی ایل ایف ایس)24-2023 کی تازہ ترین رپورٹ کے مطابق ، مالی سال 24-2023 میں خواتین لیبر فورس کی شرکت بڑھ کر 41.7 فیصد ہوگئی ہے-جو کہ مال سال 18-2017 میں درج کیے گئے 23.3 فیصد سے کافی زیادہ ہے ۔  اگرچہ، کچھ نمایاں پیش رفت ہوئی ہے ، لیکن بہت ساری مشکلات برقرار ہیں-خاص طور پر گھریلو افراد کے لیے بلا معاوضہ گھریلو خدمات اور بلا معاوضہ نگہداشت کی خدمات ۔ یہ متضاد طرز سلوک اس  اہم تعلیمی ترقی کے باوجود موجود ہے ، جس میں تعلیمی شعبے میں خواتین کے بڑھتے ہوئے اندراج اور خواندگی کے فرق میں کمی شامل ہے ۔  یہ رجحان ، جسے اکثر “فیمینائزیشن یو-کرو” کہا جاتا ہے ، اس سے پتہ چلتا ہے کہ اقتصادی منتقلی کے دوران ازسر نو رفتار پکڑنے سے پہلے شرکت کم ہو جاتی ہے ۔  تاہم ، ہندوستان کو اس رجحان سے مستثنی ہونے کا خطرہ  لاحق ہے ؛ خواتین کی مسلسل کم شرکت متوسط آمدنی والی معیشت میں اس کی منتقلی کو کمزور کر سکتی ہے اور اس کے آبادیاتی فائدے کو محدود کر سکتی ہے ۔

بلا معاوضہ نگہداشت کے کام کا کردار

معاشی شرکت میں بنیادی رکاوٹ بلا معاوضہ نگہداشت کے کام کا غیر متناسب بوجھ ہے ۔  نیشنل شماریاتی دفتر (این ایس او) کے ٹائم یوز سروے (2024) سے پتہ چلتا ہے کہ ہندوستانی خواتین روزانہ دو گھنٹے 17 منٹ بلا معاوضہ نگہداشت کے کاموں میں گزارتی ہیں ، جبکہ مردوں کے لیے یہ وقفہ ایک گھنٹہ 15 منٹ ہے ۔  عالمی سطح پر ، خواتین بلا معاوضہ نگہداشت کا 76فیصد کام انجام دیتی ہیں ، لیکن بچوں کی دیکھ بھال کے ناکافی بنیادی ڈھانچے اور ثقافتی توقعات کی وجہ سے ہندوستان میں خواتین کا یہ بوجھ بہت زیادہ ہے ۔  ہندوستان کی جی ڈی پی میں اس بلامعاوضہ محنت کا تخمینہ 15-17فیصدہے، مگر رسمی اعدادوشمار میں یہ فیصد ظاہر نہيں ہوتا ہے ۔

یہ عدم مساوات بہت سی خواتین کو نوکری کے مواقع سے محروم کرنے یا گھر کے قریب کم تنخواہ والے ، غیر رسمی کرداروں کو قبول کرنے پر مجبور کرتی ہے ۔  مزید برآں ، زچگی اور بچوں کی دیکھ بھال سے کیریئر میں آنے والی رکاوٹیں زندگی بھر کی آمدنی کو کم کرتی ہیں ، جس سے مستقل “نگہداشت کی سزا” کی کیفیت پیدا ہوتی ہے جو طویل مدتی معاشی بااختیاری محدود ہوجاتی ہے ۔

او ایس ایچ لیبر کوڈ کی انقلابی  صلاحیت

او ایس ایچ کوڈ ، 2020  میں 13 لیبر قوانین کو مجموعی شکل دی گئی ہے ، جس میں 10 یا اس سے زیادہ ملازمین  والے تمام اداروں کے لیے حفاظتی التزامات  کو معیاری درجہ دیا گیا ہے ۔  یہ روزگار اور گھریلو نگہداشت کی ذمہ داری کے چوراہے پر موجود  رکاوٹوں کو براہ راست حل کرتا ہے ۔  زچگی کے فوائد (ترمیم) ایکٹ ، 2017 کے موافق ، یہ کوڈ  ضابطہ زچگی کے حقوق پر زور دیتا ہے اور افرادی قوت کو برقرار رکھنے میں سہولت کے لیے نرسنگ کے وقفوں کو یقینی بناتا ہے ۔

اہم طور پر ، یہ کوڈ  غیر رسمی شعبے میں معاہدے اور غیر رسمی ملازمین کو یکساں حفاظتی چھتری کے تحت لا کر مساوات کو فروغ دیتا ہے ، جس سے خواتین کو تعمیرات ، زراعت اور گھریلو کاموں میں فائدہ ہوتا ہے ۔  بھرتی کے عمل اور کام کے حالات میں غیر امتیازی سلوک کو لازمی قرار دے کر ، یہ کوڈ  کام کے ایسے مقامات کو محفوظ اور صنفی چیلنجوں کے لحاظ سے  زیادہ ذمہ دار بناتا ہے جنہوں نے تاریخی طور پر خواتین کو ملازمت کے دائرے سے خارج  کیا ہے ۔

عالمی موازنہ  اور اسباق

دوسرے خطوں کے شواہد سے اس بات کی تصدیق ہوتی ہے کہ صنفی لحاظ سے حساس او ایس ایچ فریم ورک تبدیلی کے طاقتور لیور کی مانند ہیں ۔  سویڈن اور آئس لینڈ میں کام کے مقام پر حفاظت،  بچوں کی مراعاتی دیکھ بھال ، اور والدین کی چھٹی کو مربوط کرنے والے سماجی تحفظ کے فریم ورک کے ذریعے 70فیصدسے زیادہ خواتین افرادی قوت کی شرکت کی شرح حاصل کی گئی ہے ۔  جاپان اور جنوبی کوریا میں  کام کے مقام پرتحفظ اور کریچ کی سہولیات کو بہتر کرکے خواتین کے ایل ایف پی آر میں  آہستہ آہستہ اضافہ ہورہا ہے ۔  سب صحارا افریقہ میں ، زراعت کے شعبے میں قانونی تحفظات سے  خواتین کی شرکت کو 70فیصد تک بڑھا یا گیا ہے ۔  لاطینی امریکی ممالک  جیسے چلی اور یوروگوئے کی مثالیں یہ ظاہر کرتی ہیں کہ سرکاری  مالی اعانت سے انجام پانے والی بچوں کی دیکھ بھال سے بچوں کی نشوونما کی قربانی کے بغیر خواتین کے روزگار میں اضافہ ہوتا ہے ۔  ہندوستان کے لیے ، ان مثالوں سےاس بات کو تقویت ملتی ہے کہ نگہداشت کے بنیادی ڈھانچے میں سرمایہ کاری کے ساتھ مجموعی او ایس ایچ  کےتحفظات سے تبدیلی کے نتائج برآمد ہوں گے ۔

صنفی شمولیت کی اقتصادی منطق

خواتین کی شرکت کو ترجیح دینا ایک وسیع اقتصادی ضرورت ہے ۔  میک کینسی گلوبل انسٹی ٹیوٹ کا تخمینہ ہے کہ صنفی خلاء کو ختم کرنے سے 2025 تک عالمی جی ڈی پی میں 12 ٹریلین ڈالر کا اضافہ ہوسکتا ہے ، جس میں ہندوستان کا حصہ تقریباً 770 بلین ڈالر  حاصل ہونے والاہے- جو بیس لائن  کےتخمینے سے 18 فیصد اضافہ ہے ۔  آئی ایم ایف نے کہا ہے کہ صنفی شرکت کے فرق کو کم کرنے سے جی ڈی پی میں 35فیصد تک اضافہ ہوسکتا ہے ۔  خواتین کا روزگار بچوں کی صحت اور تعلیم میں زیادہ سرمایہ کاری کے ذریعے نسل در نسل انسانی سرمائے کو بھی مضبوط کیا جاسکتا ہے ۔  خواتین کو مؤثر طریقے سے مشغول کرنے میں ناکامی کے نتیجے میں مواقع کا نمایاں ضیاع ہوتا ہے ، جس سے ہندوستان کے ممکنہ آبادیاتی فائدے نظر انداز ہوتے ہيں ۔

او ایس ایچ کوڈ بطور  شمولیت کا برج

او ایس ایچ کوڈ خواتین کی شمولیت کو محض فلاحی اقدام کے بجائے ایک معاشی لازمیت کے طور پر پیش کرتا ہے ۔  ساختی خطرات کو دور کرکے اور امتیازی سلوک کو ختم کرکے ، یہ کوڈ محفوظ ، کام کے لچکدار مقامات کو یقینی بنا کر کشیدگی کو کم کرتا ہے ۔  غیر رسمی شعبے تک اس  کوڈ کے تحفظات کی توسیع سے رسمی روزگار کی طرف منتقلی کی حوصلہ افزائی ہوتی ہے ۔  متنوع  اور محفوظ افرادی قوت سے ایس ڈی جی 5 (صنفی مساوات) اور ایس ڈی جی 8 (مہذب کام اور اقتصادی ترقی) کے مطابق پیداواری صلاحیت اور میکرو اکنامک لچک مضبوط ہوتی ہے ۔

آگے کا راستہ

او ایس ایچ کوڈ 2020 ، طویل مدتی ، صنفی شمولیت والی ترقی کے لیے اسٹریٹجک لیور  کی مانند ہے ۔  ان کی صلاحیت کا ادراک کرنے کے لیے ، اسے ایک ایسے ماحولیاتی نظام کے اندر کام کرنا چاہیے جو کام کی جگہ کے حالات اور دیکھ بھال کے بوجھ دونوں پر توجہ مرکوز کرے ۔  بچوں کی دیکھ بھال کے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط کرنا ایک کلیدی ستون ہے ؛ انٹیگریٹڈ چائلڈ ڈیولپمنٹ سروسز (آئی سی ڈی ایس) اور نیشنل کریچ اسکیم جیسے اقدامات کو فروغ دینے سے اس بات کو یقینی بنا یا جاسکتا ہے کہ خواتین کو دیکھ بھال اور روزگار میں سے کسی ایک کا انتخاب کرنے پر مجبور نہ کیا جائے ۔

اگرچہ یہ کوڈ  رسمی شعبے کے ملازمین کو تحفظ فراہم کرتا ہے ،  مگر غیر منظم شعبے میں خواتین کو ایمپلائز اسٹیٹ انشورنس کارپوریشن (ای ایس آئی سی) جیسے فوائد تک رسائی فراہم کی ضرورت ہے ۔  خواتین کو  اپنے حقوق سے آگاہ کرنے کے لیے نچلی سطح پر آگاہی مہمات ضروری ہیں ۔  آجروں کو صنفی لحاظ سے حساس طریقوں بشمول متونع شیڈیول اور ایرگونومک ڈیزائن کو اپنانے کے لیے اسٹیک ہولڈر کے طور پر بھی مشغول کیا جانا چاہئے  ۔

عالمی تجربوں سے اس بات کی تصدیق ہوتی ہے کہ نگہداشت کے بنیادی ڈھانچے کے ساتھ مربوط  ہونے والے مضبوط او ایس ایچ فریم ورک  سے  معاشی شرکت اور جی ڈی پی میں نمایاں اضافہ ہوتا ہے ۔  ہندوستان کے لیے ، آبادیاتی اور ساختی تبدیلیوں کو نیویگیٹ کرکے ، اس انضمام پر غور کرنا  فوری  ضرورت ہے ۔  او ایس ایچ کوڈ کا تیزی سے نفاذ  ، جامع پالیسیوں کی مدد سے ، خواتین افرادی قوت کی صلاحیت کو نکھارے گا ، آتم نربھر بھارت کے وژن کو آگے بڑھائے گا اور مسابقت پسند اور مستحکم معیشت کو یقینی بنائے گا۔

(مضمون نگار،  گروپ ایچ آر، اروند لمیٹڈ ، گجرات  کی سربراہ  ہیں۔)