تاثیر 19 دسمبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
ہگلی، 19 دسمبر :بیدھا نگر پولیس نے یووا بھارتی اسٹیڈیم میں توڑ پھوڑ کے الزام میں مزید تین لوگوں کو گرفتار کیا ہے۔ گزشتہ ہفتہ، لیونل میسی کے دورے کے دوران، یووا بھارتی اسٹیڈیم میدان جنگ بن گیاتھا، جہاں لوگوں نے کرسیاں توڑ دیں اور گول پوسٹیں گرائیں۔ واقعے کے بعد توڑ پھوڑ کے الزام میں دو مرحلوں میں چھ افراد کو گرفتار کیا گیا۔ اب یووا بھارتی توڑ پھوڑ کیس کے سلسلے میں گرفتار لوگوں کی کل تعداد نو ہو گئی ہے۔ پولیس نے جمعہ کو میسی ایونٹ کے مرکزی منتظم شتدرو دتہ کے گھر پر بھی چھاپہ مارا۔
اطلاعات کے مطابق، تینوں افراد کو یووا بھارتی اسٹیڈیم کی مختلف تصاویر اور ویڈیو فوٹیج کی جانچ کے بعد گرفتار کیا گیا۔ گرفتار افراد میں راجو داس عرف گوپال داس، سومیا دیپ داس عرف پپو اور تنمے ڈے عرف دشتو شامل ہیں۔ بیدھا نگر پولس ذرائع کے مطابق تینوں کو لیکٹاؤن اور ناگر بازار سے گرفتار کیا گیا۔ پولیس کو امید ہے کہ ان سے پوچھ گچھ کے بعد یووا بھارتی میں توڑ پھوڑ کے بارے میں اہم معلومات سامنے آئیں گی۔

