تاثیر 21 دسمبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
واشنگٹن،21دسمبر:اسرائیلی وزیر اعظم بن جمن نیتن یاھو نے اعلان کیا ہے کہ وہ جلد ہی نیو یارک شہر کا دورہ کریں گے۔ ان کا یہ اعلان نیویارک کے نو منتخب میئر زہران ممدانی کی طرف سے دی گئی دھمکی کے باوجود انہیں چیلنج کرنیکے مترادف قرار دیا جا رہا ہے۔ چند ہفتے قبل بروکلین سٹی کونسل کی رکن اینا فرنیکوف نے انہیں یکم جنوری کو مدعو کیا تھا۔ اسی تاریخ کو نو منتخب میئر زہران ممدانی کی حلف برداری ہے۔ ممدانی نے نیتن یاھو کو نیویارک کے دورے کے دوران گرفتار کرنے کی دھمکی دی تھی۔فرنیکوف جو اپنی قدامت پسندانہ رجحانات کے لیے جانی جاتی ہیں نے نیتن یاھو کو دعوت دی تھی تاکہ نیو یارک اور اسرائیل کے درمیان گہرے اور دیرپا تعلقات کو دوبارہ اجاگر کیا جا سکے۔ نیتن یاھو نے رسمی پیغام بھیجا، جس میں انہوں نے دعوت پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ وہ جلدہی نیویارک کا دورہ کریں گے۔ البتہ وہ زہران ممدانی کی تقریب حلف برداری میں شرکت نہیں کریں گے۔فرنیکوف نے نیو یارک پوسٹ کو بتایا کہ وہ ’نیتن یاھو کے نیو یارک پہنچنے پر ممدانی کے ردعمل دیکھنے کے لیے بے تاب ہیں‘۔ انہوں نے کہا کہ نو منتخب میئر ’کسی غیر ملکی وزیر اعظم کو گرفتار کرنے کے لیے قانونی اختیار نہیں رکھتے۔ انہوں نے ممدانی پر الزام عائد کیا کہ وہ عوام کو گمراہ کر رہے ہیں۔

