اورنگ آباد گنتی مرکز پر کشیدگی، پولیس کے لاٹھی چارج میں سابق میئر زخمی

تاثیر 16 جنوری ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

اورنگ آباد ، 16 جنوری :ریاست مہاراشٹر میں بلدیاتی انتخابات کی ووٹ گنتی کے آغاز کے پہلے ہی دن چھترپتی سمبھاجی نگر میں حالات کشیدہ ہو گئے۔ شاسکیہ پولی ٹیکنک کالج میں قائم گنتی مرکز پر صبح سے ہی شیو سینا (شندے دھڑا) کے کارکنوں کی بڑی تعداد جمع ہو گئی، جو اندر داخل ہونے کے لیے بے قابو نظر آئی۔
گنتی کے انتظامات کے دوران پولیس نے صرف انہی افراد کو اندر جانے کی اجازت دی جن کے پاس الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ مستند شناختی کارڈ موجود تھے۔ تاہم کئی کارکنوں کے پاس یہ کارڈ نہ ہونے کے سبب انہیں روک دیا گیا، جس پر پولیس اور کارکنوں کے درمیان بحث و تکرار شروع ہو گئی۔
صورتحال اس وقت بگڑ گئی جب بار بار کی اپیل کے باوجود بھیڑ پیچھے ہٹنے کو تیار نہ ہوئی۔ سیکورٹی میں خلل کے خدشے کے پیش نظر پولیس نے مجمع کو منتشر کرنے کے لیے ہلکا لاٹھی چارج کیا۔ اس کارروائی میں سابق میئر وکاس جین کو لاٹھی لگنے کی تصدیق ہوئی ہے، جبکہ چند کارکنوں کو بھی چوٹیں آئیں۔