تاثیر 5جنوری ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
کولکاتا، 05/ جنوری (تاثیر بیورو) ملک کی قدیم ترین ونٹیج کار ریلی، دی اسٹیٹس مین ونٹیج اینڈ کلاسک کار ریلی کے 55 ویں ایڈیشن کا اعلان بروز پیر کو پریس کلب کولکاتا میں منعقدہ پریس کانفرنس میں کیا گیا۔ اس موقع پر ایک ونٹیج کار بھی نمائش کے لیے پیش کی گئی جو تقریب کی خاص توجہ کا مرکز رہی۔
یہ شاندار ریلی 11 جنوری 2026 کو رائل کلکتہ ٹرف کلب (RCTC) گراؤنڈ میں منعقد ہوگی، جہاں تقریباً 160 ونٹیج و کلاسک کاریں اور 50 دو پہیہ گاڑیاں شریک ہوں گی۔ ریلی کو صبح 9:10 بجے آر سی ٹی سی پولو گراؤنڈ سے روانہ کیا جائے گا۔
ریلی میں ٹرائمف، شیورلیٹ، ڈاج، ڈی سوٹو، اسٹوڈی بیکر کے ساتھ آسٹن، مورس اور ایم جی جیسی معروف برطانوی گاڑیاں شامل ہوں گی۔
اس موقع پر اسٹیٹس مین کے بزنس ہیڈ (مشرقی ہند) گوبند مکھرجی نے کہا کہ اس ریلی کا مقصد ونٹیج گاڑیوں کے مالکان کو اپنی تاریخی گاڑیاں پیش کرنے کا پلیٹ فارم فراہم کرنا اور موٹرنگ ورثے کو زندہ رکھنا ہے، اس کے لیے کسی قسم کی شرکت فیس نہیں لی جاتی۔
ریلی کے لیے مفت پاس اس ہفتے 9 جنوری تک روزآنہ صبح 11 بجے سے شام 6 بجے تک اسٹیٹس مین کولکاتا آفس سے حاصل کیے جا سکتے ہیں۔
یہ ریلی شائقین کے لیے ماضی کی دلکش یادوں اور کلاسک آٹوموبائل کے حسن سے لطف اندوز ہونے کا نادر موقع ہوگی۔

