تاثیر 22 جنوری ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
سہسرام ( انجم ایڈووکیٹ ) سہسرام میونسپل کارپوریشن نے علاقہ میں خواتین کی سہولت، حفاظت اور صفائی ستھرائی کو مزید مضبوط بنانے کیلئے ایک اہم اقدام اٹھایا گیا ہے ۔ ضلع کلکٹر روہتاس مسز ادیتا سنگھ، اور میئر سہسرام نے مشترکہ طور پر میونسپل کارپوریشن کے علاقہ میں نصب کئے گئے دو گلابی بیت الخلاء کا افتتاح بھی کر دیا ہے، یہ گلابی بیت الخلاء نمایاں اور مصروف عوامی مقامات جیسے پوسٹ آفس چوک اور دھرم شالا روڈ ریلوے اسٹیشن سہسرام نزد نصب کئے گئے ہیں تاکہ خواتین کو ان کے روزمرہ کے سفر کے دوران صاف اور محفوظ بیت الخلاء کی سہولیات تک رسائی فراہم کی جا سکے، خواتین کی خصوصی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے ان دونوں خواتین کے بیت الخلاء میں ماؤں کی سہولت کیلئے فیڈنگ پوائنٹس کے ساتھ سینیٹری پیڈ اور وینڈنگ مشینیں بھی نصب کی گئی ہیں ۔ سیکورٹی کو ترجیح دیتے ہوئے ہر گلابی ٹوائلٹ درمیان ایک گارڈ روم بھی محفوظ کیا گیا ہے ۔ خواتین کی سہولت کیلئے بیت الخلاء میں مغربی اور ہندوستانی دونوں طرز کی نشستیں لگائی گئی ہیں ۔ صفائی اور ہموار کام کو یقینی بنانے کیلئے ہر گلابی ٹوائلٹ کیلئے ایک خاتون کیئر ٹیکر اور ایک خاتون سویپر کو بھی تعینات کیا گیا ہے ۔ اس موقع پر میونسپل کمشنر وکاس کمار، ڈپٹی ڈیولپمنٹ کمشنر وجئے کمار پانڈے، ایڈیشنل ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ للت بھوشن رنجن، ضلع لینڈ ایکوزیشن آفیسر ظفر حسن کے علاوہ میونسپل کارپوریشن کے دیگر افسران اور ملازمین موجود تھے ۔ جہاں ضلع کلکٹر روہتاس شریمتی ادیتا سنگھ نے کہا کہ گلابی ٹوائلٹ کا یہ اقدام عوامی مقامات پر خواتین کو باعزت، محفوظ اور صاف ستھری سہولیات فراہم کرنے کی سمت ایک مضبوط قدم ہے، اس سے نہ صرف خواتین کو سہولت ملیگی بلکہ صفائی، صحت اور خواتین کو بااختیار بنانے کو بھی فروغ ملیگا، میونسپل کارپوریشن مستقبل میں بھی ایسی خواتین دوست سہولیات کو وسعت دیگی ۔

