اے ایم یو کے شعبہ کارڈیو تھوراسک اینڈ ویسکولر سرجری میں منیمل انویزیو کورونری آرٹری بائی پاس سرجری پر دو روزہ ورکشاپ منعقد

تاثیر 16 جنوری ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

علی گڑھ، 16 جنوری: جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج (جے این ایم سی)، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے شعبہ کارڈیو تھوراسک اینڈ ویسکولر سرجری (سی ٹی وی ایس) نے منیمل انویزیو کورونری آرٹری بائی پاس سرجری (مڈ کیب) پر دو روزہ عملی ورکشاپ منعقد کی جس میں کم از کم جراحی والی تکنیکوں پر توجہ مرکوز کی گئی۔ ورکشاپ کے دوران لائیو آپریٹیو ڈیمونسٹریشن سے شرکاء کو اس سرجری کے عملی پہلوؤں کو سمجھنے میں مدد ملی۔
ورکشاپ میں نامور ماہر ڈاکٹر برج موہن سنگھ، ڈائریکٹر، کارڈیئک سائنسز، ایچ سی جی ہاسپٹل، بھاونگر (گجرات) نے شرکت کی۔ وہ ایک تجربہ کار کارڈیو تھوراسک و ویسکولر سرجن ہیں جن کے پاس 15 سال سے زائد کا تجربہ ہے۔ ان کے ہمراہ ڈاکٹر اجے راٹھور (کارڈیئک اینستھیٹسٹ) اور مسٹر نریندر کمار شرما (فزیشن اسسٹنٹ) بھی موجود تھے، جن کی مہارت نے جراحی کے دوران اور بعد میں جامع تکنیکی و طبی معاونت کو یقینی بنایا۔
ورکشاپ کے دوران دو مریضوں پر مِڈ کیب طریقہ علاج کامیابی سے انجام دیا گیا اور دونوں کے کلینیکل نتائج نہایت حوصلہ افزا رہے۔ براہِ راست جراحی سیشن میں اتر پردیش اور دہلی سے تعلق رکھنے والے کارڈیو تھوراسک سرجنس نے شرکت کی۔