تاثیر 30 جنوری ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
واشنگٹن، 30 جنوری : صدر ڈونالڈ ٹرمپ اور سینیٹ ڈیموکریٹس نے جمعرات کو امریکہ میں حکومتی شٹ ڈاون کو روکنے کے لیے ایک معاہدہ کیا۔ یہ جانکاری صدر اور سینیٹ کے اقلیتی لیڈر چک شومر کے دفتر نے دی ہے۔ اس معاہدے کے تحت ستمبر تک محکمہ داخلہ سلامتی (ہوم لینڈ سیکورٹی ڈپارٹمنٹ) کو چھوڑ کر باقی تمام سرکاری محکموں کو فنڈ ملے گا۔ اس معاہدے سے وابستہ پانچ ذرائع کے مطابق، محکمہ داخلہ سلامتی دو ہفتوں کے اسٹاپ گیپ بل پر کام کرے گا۔ اس کا مقصد یہ ہے کہ منیا پولس میں دو امریکی شہریوں کے قتل پر عوام کے غصے کے بعد ڈیموکریٹس کے مطالبے پر بات چیت کے لیے وقت مل سکے۔
این بی سی نیوز کی رپورٹ کے مطابق، فنڈنگ معاہدے پر سینیٹ میں ووٹنگ جمعرات کی رات کو ہی ہو سکتی ہے۔ اگر یہ معاہدہ نہیں ہو سکا تو ہفتہ کی آدھی رات کے بعد کئی ایجنسیوں کے لیے فنڈنگ عارضی طور پر بند ہو جائے گی۔ اگر اس معاہدے پر دونوں ایوانوں کی مہر لگ جاتی ہے تو اس کا اثر کم ہونے کی امید ہے۔ ایسا اس لیے کہ زیادہ تر وفاقی ملازمین ہفتے کے آخر (ویک اینڈ) پر کام نہیں کرتے ہیں۔ صدر نے دونوں فریقوں کے اراکین پارلیمنٹ سے اس دو جماعتی (بائی پارٹیزن) معاہدے کے حق میں ووٹنگ کرنے کی اپیل کی ہے۔

