تاثیر 1 فروری ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
علی گڑھ, 31 جنوری : علی گڑھ زرعی و صنعتی نمائش کے پراکٹر آفس کیمپ میں شعبہ سول انجینئرنگ، ذاکر حسین کالج آف انجینئرنگ اینڈ ٹکنالوجی، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کی جانب سے آفات کے سلسلہ میں ایک آگہی کیمپ منعقد کیا گیا ہے۔ اس کا مقصد قدرتی اور انسان ساختہ آفات کے بارے میں بیداری پیدا کرنا اور ان کے اثرات کو کم کرنے کے طریقوں سے عوام کو روشناس کرانا ہے۔ کیمپ میں شعبہ کے طلبہ اور عملہ کی جانب سے تیار کردہ متعدد ورکنگ ماڈلز کی نمائش کی گئی ہے، جو اسٹرکچرل تحفظاتی اقدامات اور بارش کے پانی کے ذخیرہ کرنے کے نظام کو ظاہر کرتے ہیں۔اس کے ساتھ ہی زلزلہ، سیلاب، سمندری طوفان، زمین کھسکنے اور انسان ساختہ ماحولیاتی خطرات سمیت مختلف آفات کی عکاسی کرنے والے پوسٹرز بھی آویزاں کیے گئے ہیں۔ یہاں پر مختلف نوعیت کی آفات کے لیے احتیاطی اور حفاظتی تدابیر پر مبنی لائیو ویڈیوز بھی دکھائی جا رہی ہیں۔ آفات سے نمٹنے کی تیاری اور حفاظتی اقدامات سے متعلق معلوماتی لٹریچر عوام میں تقسیم کیا جا رہا ہے۔ یہ آٹھ روزہ کیمپ نمائش کے دوران طلبہ اور عملہ کی نگرانی میں چلتا رہے گا جو نمائش میں آنے والے لوگوں کو قیمتی معلومات فراہم کرے گا۔

