تاثیر 20 جنوری ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
نوئیڈا، 20 جنوری : اترپردیش کے نوئیڈا میں تھانہ سیکٹر 49 علاقے کے نوئیڈا بھنگیل ایلیویٹڈ روڈ پر آج علی الصبح ایک تیز رفتار جیگوار کار ڈیوائیڈر سے ٹکرا گئی۔ اس حادثے میں کار میں سوار ایک طالبہ کی موت ہو گئی، جبکہ تین طلبا شدید طور پر زخمی ہو گئے۔ انہیں علاج کے لیے اسپتال میں داخل کروایا گیا ہے۔ ایک کی حالت نازک بنی ہوئی ہے۔پولیس کمشنر محترمہ لکشمی سنگھ کے میڈیا انچارج وجے کمار گوتم نے بتایا کہ تھانہ سیکٹر 49 پولیس کو آج صبح تقریباً 3 بجے اطلاع ملی کہ نوئیڈا بھنگیل ایلیویٹڈ روڈ پر بھنگیل سے نوئیڈا کی طرف آتے وقت ایک جیگوار کار ڈیوائیڈر سے ٹکرا گئی ہے۔ اس میں کچھ لوگ پھنسے ہوئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ حادثے کی اطلاع ملنے پر موقع پر بھاری پولیس فورس پہنچی۔ کار میں پھنسے ہوئے چار طلبہ و طالبات فلک احمد عمر 18 سال، انش عمر 19 سال، آیوش بھاٹی عمر 17 سال، نیل پنوار عمر 18 سال کو کار سے نکالا گیا۔ انہیں علاج کے لیے نوئیڈا کے ضلع اسپتال میں داخل کروایا گیا، جہاں پر ڈاکٹروں نے فلک احمد کو مردہ قرار دے دیا۔

