چھپرہ(نقیب احمد)
وزیر اعلی اقلیتی ترغیبی منصوبہ کے اہل طلبہ و طالبات میں سے ابھی بھی بڑی تعداد میں بچوں نے استفادہ نہیں اٹھایا ہے۔مذکورہ باتیں ضلع اقلیتی فلاح افسر روی پرکاش نے کہیں۔انہوں نے بتایا کہ حکومت بہار کی جانب سے میٹرک(فوقانیہ) اور انٹر(مولوی) فرسٹ ڈویژن سے کامیاب ہونے والے اقلیتی طلبا و طالبات کو ترغیبی رقم فراہم کی جاتی ہے۔انہوں نے کہا کہ 2025 میں پاس ایسے تمام اہل طلبا و طالبات جنہوں نے اب تک اپنے دستاویزات جمع نہیں کرائے ہیں انہیں آخری موقع فراہم کرتے ہوئے 15 دن کے اندر تمام ضروری کا غذات جمع کرانے کی ہدایت دی گئی ہے۔جاری پریس بیان میں بتایا گیا کہ بہار اسکول ایگزامینیشن بورڈ اور بہار اسٹیٹ مدرسہ ایجوکیشن بورڈ سے کامیاب طلبہ کو میرٹ اسکیم کے تحت ترغیبی رقم فراہم کی جائے گی۔محکمہ اقلیتی فلاح کے مطابق ضلع کے انٹر میڈیٹ امتحان میں فرسٹ ڈویژن سے کامیاب طالبات میں سے اب بھی 452 طالبات کا اندراج باقی ہے۔اسی طرح مولوی (انٹر) کے فرسٹ ڈویژن سے کامیاب طالبات میں 172 اور فوقانیہ (میٹرک) کے فرسٹ ڈویژن سے کامیاب طلبہ وطالبات میں 150 طلبہ کا اندراج تا حال مکمل نہیں ہو سکا ہے۔محکمہ نے واضح کیا ہے کہ اہل طلبہ و طالبات کے لیے درخواست جمع کرانے کا عمل جاری ہے اور 15 دن کے اندر تمام متعلقہ دستاویزات ضلع اقلیتی فلاح دفتر میں جمع کرانا لازمی ہوگا۔ترغیبی رقم کی ادائیگی سی ایف ایم ایس نظام کے ذریعے براہ راست طلبہ کے بینک اکاؤنٹس میں ٹرانسفر کی جائے گی۔درخواست کے لیے ضروری دستاویزات میں مارک شیٹ،ایڈمٹ کارڈ،رہائشی سرٹیفکیٹ،بینک پاس بک اور آدھار کارڈ شامل ہیں جنہیں دفتر کی جانب سے جاری کردہ فارم کے ساتھ بھر کر جمع کرانا ہوگا۔طلبہ اپنے کاغذات یا تو متعلقہ اسکول کے ذریعے جمع کرا سکتے ہیں یا خود کلکٹریٹ واقع ضلع اقلیتی فلاح دفتر میں متعلقہ افسر کے پاس جمع کراسکتے ہیں۔محکمہ کی جانب سے واضح طور پر خبردار کیا گیا ہے کہ مقررہ مدت کے اندر دستاویزات جمع نہ کرنے والے اہل طلبہ وطالبا ترغیبی رقم سے محرم رہ سکتے ہیں۔واضح رہے کہ بہار اسکول ایگزامینیشن بورڈ کی جانب سے انٹرمیڈیٹ میں ضلع کی 1344 طالبات،مولوی (انٹر ) میں 292 طالبات اور فوقانیہ (میٹرک) میں 484 طلبہ وطالبات کے فرسٹ ڈویژن سے کامیاب ہونے کی فہرست ضلع اقلیتی فلاح دفتر کو فراہم کی گئی تھی۔اس کی بنیاد پر طلبہ و طالبات سے درخواستیں طلب کی گئی تھیں۔تاہم اس دوران کچھ اہل طلبہ و طالبات اپنے دستاویزات مقررہ وقت پر جمع نہیں کرا سکے ہیں۔جس کی وجہ سے ان کے رقم کا بھگتان زیر التوا ہے۔

