بنگلہ دیش نے آئی پی ایل سے مستفیض الرحمان کو ہٹانے کی مذمت کی

تاثیر 4 جنوری ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

ڈھاکہ، 4 جنوری:بنگلہ دیش نے یہ مطالبہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے کہ اگلے ماہ ہونے والے آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ میں اس کے میچ ہندوستان سے باہر کھیلے جائیں۔ یہ فیصلہ تیز گیندباز مستفیض الرحمان کے انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) سے باہر کیے جانے کے بعد سامنے آیا ہے۔ بنگلہ دیش چاہتا ہے کہ اس کے ورلڈ کپ کے تمام میچز سری لنکا میں ہوں۔ بنگلہ دیش کی عبوری حکومت کے نوجوانوں اور کھیلوں کے مشیر آصف نذرول نے اتوار کو سرکاری خبر رساں ایجنسی بی ایس ایس کے حوالے سے بتایا کہ’ہم بنگلہ دیشی کرکٹ، کرکٹرز اور ملک کی کسی بھی قسم کی بے عزتی برداشت نہیں کریں گے۔ غلامی کے دن ختم ہو چکے ہیں۔‘ہفتے کے روز، کولکاتا نائٹ رائیڈرز (کے کے آر) نے مستفیض الرحمان کو اپنی ٹیم سے ریلیزکردیا ہے۔ یہ مبینہ طور پر ہندوستان اور بنگلہ دیش کے درمیان بڑھتے ہوئے تناؤ کی روشنی میں بھارتی کرکٹ کنٹرول بورڈ(بی سی سی آئی) کے’مشورے‘ کے بعد کیا گیا ہے۔