تاثیر 22 جنوری ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
ضلع مجسٹریٹ کی ہری جھنڈی، 1.1440 ایکڑ زمین کے حصول کی منظوری، 167.68 کروڑ کی میگا پروجیکٹ سے مظفرپور کو ٹریفک جام سے نجات
مظفرپور۔ (نزہت جہاں)شہر کے انتہائی مصروف گوبرسہی ریلوے گمٹی پر مجوزہ روڈ اوور برج (آر او بی) کی تعمیر کا راستہ پوری طرح صاف ہو گیا ہے۔ ضلع مجسٹریٹ نے اس اہم منصوبے کے لیے کل 1.1440 ایکڑ زمین کے حصول کو منظوری دے دی ہے۔ اس میں 13 رئیّتوں کی 1.1110 ایکڑ نجی زمین اور 0.0330 ایکڑ سرکاری (فوجی) زمین شامل ہے۔
زمین کے حصول کی کارروائی مکمل ہوتے ہی اب ٹھیکیدار کو تعمیراتی کام شروع کرنے کی اجازت مل جائے گی۔ قابل ذکر ہے کہ وزیر اعلیٰ کی ترقیاتی یاترا کے دوران گوبرسہی ریلوے گمٹی پر آر او بی کی تعمیر کی منظوری دی گئی تھی، جس کے بعد انتظامیہ نے تیزی سے کارروائی مکمل کی۔ یہ منصوبہ محکمہ تعمیراتِ سڑک (پتھ نرمان وبھاگ) کے ذریعے مکمل کیا جائے گا، جس کی کل تخمیہ 167.68 کروڑ روپے مقرر کی گئی ہے۔ اس میں ریلوے کی جانب سے 35 کروڑ روپے کا تعاون شامل ہے۔ آر او بی کی تعمیر مالی سال 2026–27 تک مکمل کرنے کا ہدف رکھا گیا ہے۔ اس روڈ اوور برج کی تعمیر سے گوبرسہی اور آس پاس کے علاقوں میں ریلوے گیٹ پر لگنے والے ٹریفک جام سے مستقل راحت، آمد و رفت میں آسانی اور شہر کی ترقی کو نئی رفتار ملنے کی امید ہے۔

