کلکٹریٹ کے سامنےبی جے پی رہنما کو سرِعام گھسیٹ کر پیٹا گیا، مجمع ویڈیو بناتا رہا

تاثیر 15 جنوری ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

سیتامڑھی ،15 جنوری(مظفر عالم)انتہائی محفوظ سمجھے جانے والے سیتامڑھی کلکٹریٹ کے عین سامنے جمعرات کی دوپہر اس وقت افراتفری مچ گئی، جب بی جے پی رہنما شیام چندر سنگھ امیتابھ کے ساتھ سرِعام بے رحمانہ مارپیٹ کی گئی۔ یہ چونکا دینے والا واقعہ ضلع ہیڈکوارٹر کی مرکزی اور مصروف سڑک پر پیش آیا، جہاں درجنوں افراد موجود تھے، مگر کوئی بھی مدد کے لیے آگے نہیں آیا۔ اطلاعات کے مطابق، سابق وزیر موتی لال پرساد کے نمائندہ رہ چکے سپّی بلاک کے گھرواڑا باشندہ بی جے پی رہنما شیام چندر سنگھ امیتابھ کو ان کے ہی پڑوسی وملیندو سنگھ اور ان کے بیٹے نے سڑک پر گھسیٹ گھسیٹ کر پیٹا۔ دبنگوں کی درندگی کے سامنے انسانیت شرمسار نظر آئی اور لوگ خاموش تماشائی بنے رہے۔ واقعہ کے دوران متاثرہ رہنما مسلسل موبائل فون کے ذریعے انتظامیہ اور پولیس سے مدد کی فریاد کرتے رہے، مگر موقع پر موجود لوگ بچانے کے بجائے موبائل سے ویڈیو اور تصاویر بنانے میں مصروف رہے۔ سڑک پر کافی دیر تک شور شرابہ اور ہنگامہ آرائی کا ماحول بنا رہا۔کچھ دیر بعد شور سن کر پولیس اہلکار موقع پر پہنچے اور حالات پر قابو پایا۔ اس کے بعد فریقین کو ڈمرا تھانہ لے جایا گیا، جہاں قانونی کارروائی کا عمل شروع کیا گیا۔دن دہاڑے کلکٹریٹ جیسے انتہائی حساس علاقے میں اس واردات نے ضلع انتظامیہ کی سیکورٹی انتظامات پر سنگین سوال کھڑے کر دیے ہیں۔ وہیں، سرِعام مارپیٹ اور عوام کی بے حسی نے معاشرے میں بڑھتی ہوئی سنگ دلی اور قانون کے خوف کے خاتمے کی خطرناک تصویر پیش کر دی ہے۔فی الحال پولیس پورے معاملے کی تفتیش میں مصروف ہے اور قصورواروں کے خلاف سخت کارروائی کی بات کہی جا رہی ہے۔