تاثیر 3 جنوری ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
سیتامڑھی ( مظفر عالم)
ضلع میں دن دہاڑے ہونے والی ایک دل دہلا دینے والی واردات نے پورے شہر کو ہلا کر رکھ دیا۔ ڈُمرا تھانہ حلقہ کے بھِیسا چوک کے قریب ہفتہ کے روز نامعلوم مسلح افراد نے زمین کے کاروباری رام بابو رائے کو سر میں گولی مار کر بے رحمی سے قتل کر دیا۔ یہ علاقہ ضلع ہیڈکوارٹر سے محض 500 میٹر کے فاصلے پر واقع ہے، جس سے پولیس اور سکیورٹی انتظامات پر سنگین سوالات کھڑے ہو گئے ہیں۔ عینی شاہدین کے مطابق اچانک فائرنگ کی آوازوں سے پورا علاقہ گونج اٹھا۔ لوگ کچھ سمجھ پاتے، اس سے پہلے ہی رام بابو رائے خون میں لت پت زمین پر گر پڑے۔ بتایا جا رہا ہے کہ حملہ آوروں نے نشانہ بنا کر پیشانی میں گولی ماری، جس سے موقع پر ہی ان کی حالت نازک ہو گئی اور کچھ ہی دیر میں موت واقع ہو گئی۔ واقعہ کے فوراً بعد بھِیسا چوک پر افراتفری مچ گئی، دکانیں بند ہونے لگیں اور لوگ خوف کے عالم میں ادھر اُدھر بھاگتے نظر آئے۔ اطلاع ملتے ہی ڈُمرا تھانہ پولیس موقع پر پہنچی، لاش کو قبضے میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال بھیج دیا۔ پولیس کو جائے واردات سے دو خول (کھوکھا) ملنے کی بھی اطلاع ہے۔ ابتدائی تفتیش میں پرانے تنازعے اور زمین کے لین دین سے جڑے جھگڑے کا شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ پولیس آس پاس لگے سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج کھنگال رہی ہے تاکہ قاتلوں تک پہنچا جا سکے۔ واقعہ کے بعد پورے علاقے میں خوف و ہراس کا ماحول ہے، جبکہ مقتول کے اہل خانہ کا رو رو کر بُرا حال ہے۔ اس واردات نے ایک بار پھر سیتامڑھی میں بگڑتی قانون و انتظام کی صورتحال کو بے نقاب کر دیا ہے۔ پولیس حکام نے جلد ہی مجرموں کی گرفتاری کا دعویٰ کیا ہے، مگر عوام میں غصہ اور بے چینی صاف دیکھی جا سکتی ہے۔

