ترقی یافتہ اور خوشحال بہار کے لیے مرکزی اور ریاستی حکومت نے کھولا خزانہ : سمراٹ چودھری

تاثیر 28 جنوری ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

پٹنہ، 28 جنوری: بہار کے نائب وزیر اعلیٰ سمراٹ چودھری نے کہا کہ صحت، تعلیم، سڑک، بجلی اور پانی کی سہولیات کے لئے مضبوط بنیاد رکھنے کے بعد حکومت کی توجہ اب روزگار پر ہے۔ اس مقصد کے لیے بہار میں صنعتوں کا نیٹ ورک قائم کیا جا رہا ہے۔ مقصد آئندہ پانچ برسوں میں ایک ایسا بہار بنانا ہے جہاں لوگوں کو کام کے لیے ہجرت نہ کرنا پڑے۔ بہار کے لوگوں کو بہار کے اندر ہی روزگار ملے گا۔ اس سلسلے میں حکومت اشوک پیپر مل کی 280 ایکڑ اراضی حاصل کر کے نئی صنعتیں لگائے گی۔
سمردھی یاترا کے حصہ کے طور پر سمراٹ چودھری بدھ کے روز وزیر اعلیٰ نتیش کمار کے ساتھ دربھنگہ پہنچے۔ ناگیندر جھا اسٹیڈیم میں ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مرکزی اور ریاستی حکومتوں نے بہار کو ترقی یافتہ اور خوشحال بنانے کے لیے اپنے خزانے کھول دئے ہیں۔ مرکزی اور ریاستی حکومتوں کی اسکیموں کے تحت دربھنگہ تیزی سے تبدیل ہو رہا ہے۔ شہر کے بنیادی ڈھانچے کی ترقی سے لے کر ایمس اور ہوائی اڈے جیسے بڑے پروجیکٹوں کو نافذ کیا گیا ہے۔ دربھنگہ میٹرو سروس کے لیے ڈی پی آر تیار کیا جا رہا ہے۔