تاثیر 25 جنوری ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
جموں, 25 جنوری : جموں و کشمیر کے وزیراعلیٰ عمر عبداللہ نے حالیہ برفباری کے بعد آج بانہال اور رامبن کا دورہ کرکے زمینی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے بانہال میں ضلع و دیگر متعلقہ محکموں کے افسران کے ساتھ ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کی، جس میں برفباری کے بعد انتظامی اقدامات، سڑکوں کی بحالی اور عوامی سہولیات پر تبادلہ? خیال کیا گیا۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ عمر عبداللہ نے حالیہ برفباری پر قدرت کا شکر ادا کیا اور کہا کہ اس برفباری کی اشد ضرورت تھی۔ انہوں نے کہا کہ ٹنل کے آر پار برفباری ہونا خوش آئند ہے، جس سے نہ صرف موسم میں بہتری آئی ہے بلکہ آبی ذخائر میں اضافے کی بھی امید پیدا ہوئی ہے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ برفباری کے بعد لوگوں کے چہروں پر مسکراہٹ دیکھنے کو مل رہی ہے اور امید کی جا سکتی ہے کہ اس بار جموں و کشمیر کو خشک سالی سے نجات ملے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ آنے والے بجٹ سیشن پر جموں و کشمیر کے عوام کی نظریں مرکوز ہیں اور یقین دلایا کہ پچھلے سال کے مقابلے میں اس سال ایک بہتر اور عوام دوست بجٹ پیش کیا جائے گا۔وزیراعلیٰ نے انتظامیہ کو ہدایت دی کہ برفباری کے بعد کسی بھی طرح کی مشکلات سے نمٹنے کے لیے الرٹ رہیں اور عوام کو بروقت سہولیات فراہم کی جائیں۔

